واٹر کارپوریشن حکام کی جانب سے ہندو برادری کو دیوالی کے پرمسرت تہوار پر دلی مبارکباد

واٹر کارپوریشن حکام کی جانب سے ہندو برادری کو دیوالی کے پرمسرت تہوار پر دلی مبارکباد

کراچی( )سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے پر مسرت موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں سندھ سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری بالخصوص واٹر کارپوریشن میں خدمات انجام دینے والے ہندو افسران و ملازمین کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہندو بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ دیوالی روشنی، اُمید اور خوشی کا تہوار ہے جو تاریکی پر روشنی اور برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور یہ تہوار اُن مثبت اقدار کی نمائندگی کرتا ہے جو مختلف برادریوں کے دلوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کا ثقافتی و مذہبی تنوع ہماری اصل طاقت ہے اور ہمیں اپنی رواداری، برداشت اور ہم آہنگی پر فخر ہے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر متحد کرتی ہے۔ دیوالی کے موقع پر ہمیں اتحاد، بھائی چارے اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بنا سکیں۔ انکا کہنا تھا کہ دیوالی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہمیں اُن لوگوں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے جو مشکلات یا مصائب کا شکار ہیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں، خصوصاً ہندو برادری کی گرانقدر خدمات شامل ہیں جنہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن اپنے تمام اقلیتی افسران و ملازمین کی خدمات کا دل سے اعتراف کرتا ہے جو دیگر ساتھیوں کی طرح ادارے کے استحکام، نیک نامی اور شہریوں کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقلیتی ملازمین اپنی دیانت، سچائی اور محنت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جذبے سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ روشنیوں کا یہ خوبصورت تہوار تمام اہلِ وطن کے لیے امن خوشحالی اور بھائی چارے کا پیغام لائے اور ہمارے ملک میں مختلف مذاہب و عقائد کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام اتحاد اور محبت کے رشتوں کو مزید مضبوط بنائے۔