
نیب خیبر پختونخوا نے قیصر اقبال کو گرفتار کر لیا ہے، جو پاکستان کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈلز میں سے ایک کا مبینہ ماسٹر مائنڈ بتایا جا رہا ہے۔
قیصر، جو ابتدا میں مواصلات و تعمیرات (C&W) محکمہ میں کلرک تھا اور بعد میں ہیڈ کلرک کے عہدے پر فائز ہوا، پر الزام ہے کہ اس نے جعلی بلز اور چیک تیار کر کے سرکاری فنڈز میں خردبرد کی۔
نیب نے کارروائی کے دوران سونا، غیر ملکی کرنسی، لگژری گاڑیاں، اور اربوں روپے مالیت کی جائیداد کے کاغذات برآمد کر لیے۔

قیصر اقبال اور ان کی اہلیہ کو جسمانی ریمانڈ پر لیا گیا ہے، جبکہ نیب نے اپنی تحقیقات کو سرکاری اہلکاروں، بینکرز، اور ٹھیکیداروں تک وسیع کر دیا ہے۔
==========================
سہیل آفریدی آل راؤنڈر نہیں بلکہ بزدار ٹو ثابت ہوں گے: رانا تنویر
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی آل راؤنڈر نہیں بلکہ بزدار ٹو ثابت ہوں گے۔
مرید کے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے، وہاں دہشت گرد ٹھکانے ناقابلِ قبول ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن ہماری خواہش ہے وہاں خوش حالی اور ترقی کے خواہاں ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کا ارادہ کر چکے ہیں، پیرول پر رہائی کی منتیں کرنے والے نے ہی افغانستان کے ساتھ حالات کشیدہ کیے۔
رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ زرعی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے، تسلسل اور استحکام پاکستان کو بڑی معیشت بنا دے گا۔
===========================
پاکستان اسٹیل ملز سے چوری 200 کلو کاپر کباڑ کے گودام سے برآمد
پاکستان اسٹیل ملز سے چوری ہونے والا 200 کلو کاپر کباڑ کے گودام سے برآمد ہو گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق ملیر شاہ فیصل ٹاؤن میں واقع کباڑ کے گودام سے چوری شدہ 200 کلو کاپر کا کیبل برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونے والا کاپر کیبل 3 روز قبل پاکستان اسٹیل ملز سے چوری کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق کاپر کیبل کی اس چوری میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان ملوث ہیں، جو کارروائی کے دوران فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق اسٹیل ملز کے سیکیورٹی افسر کی مدعیت میں معاملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
===========================
سرگودھا: جعلی دستاویز بنانے پر 4 وکلاء سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج
سرگودھا میں جعلی دستاویز بنانے پر 4 وکلاء سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق جعلی دستاویز بنوانے میں ملوث ملزمان پر 5 دکانوں کا کرایہ 33 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائیداد کا مالک محمد ایاز 2017ء میں قطر میں وفات پا گیا تھا، ملزمان نے اس کی جائیداد کی جعلی دستاویز بنوائیں۔























