
پریس ریلیز
عابد لاشاری کا PITE سندھ نوابشاہ میں شمولیتی تعلیم پر لیکچر
نوابشاہ: پاکستان کے صدر اور معروف افراد باہم معذوری کے حقوق کے علمبردار عابد لاشاری نے صوبائی ادارہ برائے تربیتِ اساتذہ (PITE) سندھ، نوابشاہ میں شمولیتی تعلیم (Inclusive Education) کے موضوع پر ایک جامع اور معلوماتی لیکچر دیا۔
اس موقع پر شھاب الدین ملاح، ڈائریکٹر جنرل PITE سندھ نے عابد لاشاری کا پرتپاک استقبال کیا اور شرکاء سے ان کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ “عابد لاشاری نوابشاہ اور سندھ کا فخر ہیں۔” انہوں نے معذوری کے شعبے میں عابد لاشاری کی طویل خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں باوقار تمغۂ امتیاز سے نوازا ہے۔ لیکچر کے دوران عابد لاشاری نے کہا کہ شمولیتی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے

وضاحت کی کہ تعلیم میں شمولیتی طریقہ کار اپنانے سے معذور بچوں میں سماجی میل جول اور برابری کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ کے مثبت اقدامات کو سراہا، خصوصاً ڈائریکٹوریٹ آف انکلوسیو ایجوکیشن کے قیام کو، جو کہ محکمہ بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD) نے محکمہ تعلیم و خواندگی کے اشتراک سے قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “یہ اقدام شمولیتی تعلیم کے تربیت یافتہ اساتذہ پیدا کرے گا اور ہزاروں معذور بچوں کو عام تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔” عابد لاشاری نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کو قابلِ رسائی بنانا، مناسب سہولیات فراہم کرنا، اور نصاب و ماحول کو شمولیتی خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
عابد لاشاری نے اپنے لیکچر کے اختتام پر کہا کہ “معذور بچے کو ہمدردی نہیں بلکہ ہمدلی (Empathy)کی ضرورت ہے۔” انہوں نے حکومتِ سندھ پر زور دیا کہ وہ شمولیتی تعلیم کے فروغ کے لیے مزید مضبوط اقدامات کرے تاکہ حقیقی معنوں میں سب کے لیے تعلیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
==============================

پریس ریلیز
این ڈی ایف نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری کو اجاگر کیا
سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کی نقل و حرکت کی علامت ہے. عابد لاشاری صدر این ڈی ایف
حیدرآباد: نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (این ڈی ایف) پاکستان نے سفید چھڑی کے عالمی دن مناتے ہوئے بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری اور نقل و حرکت کو فروغ دینے پر زور دیا۔
این ڈی ایف پاکستان کے صدر عابد لاشاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کی نقل و حرکت، خودمختاری اور وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بصارت سے محرومی بذاتِ خود نقل و حرکت میں بڑی رکاوٹ نہیں، بلکہ ماحولیاتی اور تعلیمی چیلنجز، خاص طور پر بریل تعلیم تک محدود رسائی، حقیقی مشکلات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD)، حکومتِ سندھ بصارت سے محروم افراد کی بحالی اور خودمختاری کے لیے قابلِ تعریف خدمات انجام دے رہا ہے۔ محکمہ بصارت سے محروم افراد کو خودمختار بنانے کے لیے سفید چھڑیاں، بولنے والی گھڑیاں، ریڈیوز، بریل امبوزر اور دیگر معاون آلات فراہم کر رہا ہے۔
سماجی رہنما عابد لاشاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ این ڈی ایف حکومتِ سندھ اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر معذور افراد کی مکمل شمولیت اور بااختیاری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔























