
میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
میرپورخاص کے پڑھے لکھے خواہشمند نوجوانوں کے لیے بہت جلد دو ماہ کا ماڈل فری لانسنگ وڈجیٹل مارکیٹنگ کورس کروایا جائے گا تاکہ وہ بھی جدید دنیا کے ساتھ شانہ بشانہ چل سکیں اور وہ اپنا روزگار خود کما سکیں. یہ بات کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کمشنر کمیٹی ہال میں میرپورخاص کے پڑھے لکھے خواہشمند نوجوانوں کو دو ماہ کا ماڈل فری لانسنگ کے وڈجیٹل مارکیٹنگ کورس کرانے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی. کمشنر نے کہا آج کی جدید دنیاسے پڑھے لکھے نوجوانوں کو منسلک کرنا بہت ضروری ہے تاکہ وہ جدید دنیا میں شامل ہوکر خود کو مقابلے کے میدان کے لیے تیار سکیں اور ایک پڑھے لکھے معاشرے کو پروان چڑھا سکیں. انہوں نے کہا کہ فری لانسنگ و ڈجیٹل مارکیٹنگ کورس کروانے کے لیے محکمہ اسٹیوٹا سندھ مکمل طور پر اپنا تعاون فراہم کرے گا جبکہ میرپورخاص کے دیگر ادارے پبلک اسکول، آئی بی اے سکھر کئمپس میرپورخاص ، یونیورسٹی آف میرپورخاص اور پیپلز اسکول اور تکنیکی ماہرین بھی مذکورہ کورس کے حوالے سے تربیت فراہم کریں گے. اس ضمن میں تمام اداروں سے مشاورت کے بعد مطلوبہ پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ ایک بہتر اور جامع حکمت عملی کے ساتھ اس پروگرام کے مطلوبہ مثبت ثمرات مل سکیں. اجلاس میں تمام اداروں کی جانب سے اس پروگرام کو ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے نوجوانوں کے لیے مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کمشنر فیصل احمد عقیلی کی کاوشوں کو سراہا گیا اور اپنی اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کرنے کا یقین دلایا. اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ٹو بشارت حسین ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی بلوچ، ڈائریکٹر آئی بی اے سکھر میرپورخاص کئمپس ڈاکٹر عاصم سمیجو، پرنسپل پبلک اسکول پروفیسر عمران لاڑک ، پیپلز اسکول کی آئی ٹی انچارج مس ہما اور متعلقہ افسران نے شرکت کی.























