پولیو کا خاتمہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ راجویر سنگھ سودھا

کراچی، 14 اکتوبر۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سودھا نے جاری پولیو مہم کے سلسلے میں ضلع کورنگی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو اور اُن کی ٹیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھا اور ڈائریکٹر انسانی حقوق سندھ آغا فخر حسین کو پولیو کے خاتمے کی جاری مہم کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ویکسینیشن کی مجموعی شرح، پولیو کیسز کی موجودہ صورتحال، اور ضلع میں انکاری کیسز سے متعلق مخصوص معلومات شامل تھیں۔بریفنگ کے بعد معاونِ خصوصی اور ڈائریکٹر انسانی حقوق، ڈپٹی کمشنر، انسانی حقوق کے محکمے کے افسران اور فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ اُن مختلف یونین کونسلوں اور علاقوں کا دورہ کیا جہاں انکاری

کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ٹیموں نے براہِ راست خاندانوں اور مقامی افراد سے ملاقاتیں کیں تاکہ اُن کے خدشات کو دور کیا جا سکے اور اُنہیں پولیو مہم میں شمولیت کی ترغیب دی جا سکے۔ معاونِ خصوصی راجویر سنگھ سوڈھا نے خود گھر گھر جا کر مہم میں حصہ لیا اور بارہ (12) انکاری کیسز کو کامیابی سے حل کیا جس کے نتیجے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق نے ڈپٹی کمشنر کورنگی، اُن کی انتظامی ٹیم،


اور فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی کاوشوں اور لگن کو سراہا۔جو سندھ سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ معاشرے کے تمام طبقات، خصوصاً کمیونٹی سطح پر، مشترکہ اور مسلسل کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
حکومتِ سندھ پولیو سے پاک صوبہ بنانے کے عزم پر ثابت قدم ہے اور ہم آہنگی، محنت، اور ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اس ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔