پنجاب میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری

پنجاب میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری
لاہور:پنجاب بھر میں انسدادِ پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری ہے جس میں پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔ پہلے روز صوبے میں 52 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

لاہور میں 2 لاکھ 87 ہزار، راولپنڈی میں 2 لاکھ 22 ہزار اور ملتان میں 2 لاکھ 41 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور نے کہا ہے کہ پانچ سال تک کے تمام بچوں کو قطرے پلانا مہم کا ہدف ہے۔

پولیو ٹیمیں ہر علاقے، گھر، محلے اور سکول تک پہنچ رہی ہیں، جبکہ ہسپتالوں اور گزرگاہوں پر بھی پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے والدین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

پولیو مہم پنجاب کے دیگر اضلاع میں 16 اکتوبر تک جاری رہے گی جبکہ لاہور میں یہ مہم 19 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ ویکسین سے محروم بچوں کی اطلاع 1166 پر دی جا سکتی ہے۔