انسدادِ منشیات عدالت نے چاول برآمد کرنے کی آڑ میں ہیروئن اسمگل کرنے کے 3 مقدمات میں فیصل آباد کے ایکسپورٹر ملزم کو مجموعی طور پر 64 برس قید کی سزا سنادی۔

انسدادِ منشیات عدالت نے چاول برآمد کرنے کی آڑ میں ہیروئن اسمگل کرنے کے 3 مقدمات میں فیصل آباد کے ایکسپورٹر ملزم کو مجموعی طور پر 64 برس قید کی سزا سنادی۔ کراچی میں انسداد منشےات عدالت نے چاول برآمد کرنے کی آڑ میں ہیروئن اسمگل کرنے کے 3 مقدمات کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے فیصل آباد کے ایکسپورٹر علی اکبر مرزا کو مجموعی طور پر 64ب رس قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے ملزم پر مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 15 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم نے رشوت کے حوالے سے کوئی خاص ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ ہیروئن کا پاؤڈر حساس ہوتا ہے، وہ ماحول کی تبدیلی کی وجہ سے سخت دانوں میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ ملزم نے بیان میں کہا تھا کہ اے این ایف نے رشوت طلب کی تھی، نا دینے پر کیس کردیا گیا۔ وکیل صفائی نے کہا تھا کہ منشیات برآمد ہوئی تو وہ پاوڈر کی شکل میں تھی لیکن عدالت میں چھوٹی بالز کی شکل میں پیش کی گئی۔ ریکوری کے وقت کوئی تصویر یا ویڈیو نہیں بنائی گئی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم کنٹینر میں ہیروئن چھپا کر دبئی بھجوا رہا تھا۔ پراسیکیوٹر عبد الحنان نے موقف دیا تھا کہ اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا۔ دوران تفتیش معلوم ہوا ملزم نے دو کنٹینرز میں منشیات چھپا کر افریقہ بھی بھیجے ہیں۔ وہ کنٹینر واپس کردیے گئے اور اب قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر موجود ہیں۔ اے این ایف نے کاروائی کرتے ہوئے دونوں کنٹینرز سے بیس کلو ہیروئن برآمد کی۔ ہیروئن چاولوں کی بوریوں کے اندر تھیلیوں میں چھپا کر رکھی گئی تھی۔ کیس میں حاجی محمد، بادشاہ خان، عباس لیاقت اور محمد سلیم کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔
==================
سندھ ہائیکورٹ نے رینجرز کو مقدمے کے اندراج کے اختیارات سے متعلق درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کردی۔ قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو رینجرز کو مقدمے کے اندراج کے اختیارات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو کارروائی کا حکم دیا جائے اور شہریوں کا قتل عام روکا جائے۔درخواستگزار کو جرائم کی روک تھام کی آفیشنل میٹنگ میں شریک کرنے کا حکم دیا جائے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کیا کام کرتے ہیں؟ درخواستگزار نے کہا کہ میں کارپینٹر کا کام کرتا ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے اپنی درخواست پڑھی ہے؟ پڑھیں درخواست میں کیا لکھا ہے۔ بھارتی وزیر نے میڈیا پر شہر میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ شرم آتی ہے بھارتی وزیر کا بیان کا حوالہ دیتے ہوئے؟ کس کے مفاد کو پورا کرنے کے لئے عدالت آئے ہیں؟عدالت نے شہری ندیم کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کردی۔ عدالت نے درخواستگزار کو 50 ہزار جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا۔
=================

سندھ ہائیکورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک کی صوبائی محتسب کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کیخلاف اپیل پر اپیل کنندہ کی عدم حاضری پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی۔ ہائیکورٹ میں سی ای او کے الیکٹرک کی صوبائی محتسب کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ کے الیکٹرک کے وکیل کی غیر حاضری کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کےملتوی کردی۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ صوبائی محتسب نے حراساں کرنے کی شکایت پر مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے اور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ صوبائی محتسب کا عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کرچکی ہے۔
================

کراچی(کورٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے فارن ایکٹ کیس میں گرفتار سعودی خاتون ملزمہ کے صحت جرم سے انکار پر گواہوں کو طلب کرلیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت کے روبرو فارن ایکٹ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے گرفتار سعودی خاتون ملزمہ نور فاطمہ پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزمہ کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہ طلب کرلیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ وکیل صفائی نے موقف دیا تھا کہ سعودی خاتون نور فاطمہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پاکستان آئی تھی، پاکستانی میزبان فیملی نے سعودی خاتون پر چوری کا مقدمہ بنوادیا، ملزمہ سے رقم اور پاسپورٹ بھی چھین لیا، ملزمہ چوری کے مقدمے سے بری ہوچکی ہے۔ بری ہونے کے بعد شارع فیصل پولیس نے فارن ایکٹ کےتحت مقدمہ بنادیا۔