پی سی بی نے ویسٹ انڈیز دورے کے حوالے سے شاہین آفریدی کے بارے میں بیان جاری کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو ویسٹ انڈیز دورے کے دوران تیز رفتار باؤلر شاہین آفریدی سے متعلق ایک بیان جاری کیا۔

پی سی بی نے کپتان سلمان آغا اور شاہین آفریدی کے درمیان اختلافات کی اطلاعات کو “بے بنیاد، من گھڑت اور توہین آمیز” قرار دیا۔

بورڈ کا کہنا تھا کہ “پی سی بی تصدیق کرتا ہے کہ تربیت یا مشق کے دوران ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ یہ بدنیتی پر مبنی افواہیں سراسر جعلی ہیں اور قومی ٹیم میں انتشار پھیلانے کے لیے جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہیں۔”

پی سی بی نے ان افواہوں کو پاکستان قومی ٹیم کے اتحاد، حوصلے اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا۔

بیان کے مطابق، شاہین آفریدی اور سلمان آغا کے درمیان تنازعے کی افواہیں کھلاڑیوں اور ٹیم کے پیشہ ورانہ وقار کو نقصان پہنچانے کے لیے تھیں۔

پی سی بی نے کہا کہ وہ “اس جھوٹی کہانی کو پھیلانے والوں کے خلاف توہینِ عزت اور سائبر کرائم سمیت سخت قانونی کارروائی کرے گا۔”

بورڈ نے واضح کیا کہ وہ “اپنے کھلاڑیوں، عملے اور قومی ٹیم کی حرمت کو بے بنیاد اور نقصان دہ سازشوں سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔”

واضح رہے کہ شاہین آفریدی پاکستان کی ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ٹی20 سیریز کا پہلا میچ یکم اگست کو فلوریڈا کے سنٹرل براوارڈ پارک میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 3 اور 4 اگست کو اسی مقام پر ہوگا۔