
آسٹریا بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی*۔۔
(رپورٹ محمد عامر صدیق ویانا اسٹریا) آسٹریا بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ آسٹریا بھر میں نمازِ عید الاضحی کے چھوٹے، بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے ۔نماز عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع ویانا میں سعودی عرب کے زیر انتظام مرکزی اسلامک سنٹر ویانا میں ہوا جس میں مختلف اسلامی ملکوں کے سفارت کار اور مسلم کمیونٹی سمیت ہزاروں فرزندان توحید نے نماز عید الاضحی ادا کی۔ اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ اور شرکاء کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں عید الاضحی کی نماز کے موقع پر پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ آسٹریا کے دیگر چھوٹے، بڑے شہروں میں بھی مسلم ملکوں کی مساجد اور مذہبی اداروں جن میں پاکستان، ترکی، مراکو، سیریا، آزربائیجان، مصر ،افغانستان،بنگلہ دیش ودیگر ملکوں کی







مساجد اور مذہبی اداروں میں نمازِ عید الاضحی کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ پاکستانی کمیونٹی کی مساجد اور مذہبی اداروں ویانا میں پاکستانیوں کی پہلی مذہبی درس گاہ مسجد البلال ویانا،مسجد المدینہ ،مسجد ابراہیم ،نور اسلامک سنٹر ویانا ،منہاج سنٹر ویانا ، ادارۃالمصطفیٰ سنٹر ویانا، دعوت اسلامی فیضانِ مدینہ اور آسٹریا کے شہر سالزبرگ کی پاکستانی مسجد میں بھی نمازِ عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے ۔ علماء کرام نے اس موقع پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے بعد ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد پیش کی ۔پاکستانی مساجد میں نمازِ عید الاضحی کے بعد شرکاء میں مٹھائیاں اور سویاں پیش کی گئیں ۔پاکستانی مساجد میں عید الاضحی کی نمازِ کے دو سے تین اجتمات منعقد ہوئے۔نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کیلئے جانوروں کی قربانی کی گئی۔
====================
ہیوسٹن، ڈیلس، آسٹن سمیت درجنوں امریکی شہروں میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات
امریکی ریاست ٹیکساس کے تمام شہروں میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔
ہیوسٹن، ڈیلس اور آسٹن سمیت درجنوں شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
ہیوسٹن میں مسجد صابرین، مریم اسلامک سینٹر، النور مسجد، مسجد التقویٰ، مسجدِ عشاء میں ہزاروں افراد نے نمازِ عید ادا کی۔
ناروے میں نماز عید کے بڑے اجتماعات، مقامی مسلمانوں میں زبردست جوش و خروش
ڈیلس میں مدینہ مسجد، مکہ مسجد، دارلایمان سینٹر آرلگٹن، ضیاء القران سینٹر، مومن سینٹر، در حسین سمیت 70 سے زائد مساجد میں مسلمانوں کا جم غفیر امڈ آیا، متعدد مساجد میں نمازِ عید کے 2 مختلف اجتماعات منعقد ہوئے۔
علمائے کرام نے اپنے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے امتِ مسلمہ کے اتحاد، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
اس بار مسلمانوں کے تمام مکاتبِ فکر نے ایک ساتھ عید الاضحیٰ منائی ہے جس سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں۔
نماز کے بعد مسلمان ایک دوسرے سے گلے ملے، عید کی مبارکباد دی اور بعد ازاں فارم ہاؤسز اور سلاٹر ہاؤسز کا رخ کیا تاکہ سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی میں قربانی ادا کر سکیں جبکہ متعدد افراد نے قبرستان جا کر اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی۔























