کراچی میں ڈمپر نے ایک اور شہری کی جان لے لی


کراچی میں ڈمپر نے ایک اور شہری کی زندگی کا چراغ گل کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شہری کی شناخت 45 سالہ سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گیارہ فروری کو علی الصباح ہاکس بے روڈ مشرف کالونی میں شیراز بس اسٹاپ کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر جان لے لی۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈمپر تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا تھا۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی شناخت 30 سالہ صدیق ولد یعقوب کے نام سے ہوئی ہے اور لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں کے ابتدائی 40 ایام میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 100 سے زائد شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں۔

بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی لیکن حادثات نہ رک سکے ہیں۔
======================

یوسف گیلانی کے چاروں بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری
یوسف گیلانی کے چاروں بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری
ملتان (ایجنسیاں)ملتان کی مقامی عدالت نے چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے کورونا وباءکے دوران حکومتی آرڈیننس کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں پولیس تھانہ چہلیک کو حکم دیاکہ ملزمان ممبران قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی‘ علی موسیٰ گیلانی‘ علی قاسم گیلانی اور ممبر صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔اس کے علاوہ سابق ایم پی اے عثمان بھٹی سمیت متعدد ضلعی عہدیداران و وکلا رہنماؤں کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔
====================

ٹینکر کمیونٹی اس وقت انڈر تھریٹ ہے، حکومت، آفاق احمد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشتگردی منتظم عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سمیت گیارہ افراد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ آفاق احمد کو بکتر بند گاڑی میں سخت سیکورٹی میں عدالت پہنچایا گیا۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کرئیے۔ لانڈھی میں میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمہ میں گرفتار مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر دس کارکنان کو عدالت پہنچایا گیا ۔ عدالت کاکہنا تھا کہ اس مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات کیوں لگائی گئی ہیں،سرکاری وکیل کاکہناتھا کہ آفاق احمد کے کہنے پر جلاؤ گھیراؤ کیا گیا ہے، ٹینکر کمیونٹی اس وقت ان لوگوں کی وجہ سے انڈر تھریٹ ہیں، عدالت کا کہناتھا کہ انڈر تھریٹ تو میں بھی ہوں تو کیا میں بھی کارروائیوں کا حکم دے دوں،سرکاری وکیل نے بتایا کہ ٹینکر جلانے کی وجہ سے شہر خوف کی علامت بنا ہوا ہے اس لیے اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے،عدالت کاکہنا تھا کہ اس مقدمے میں جو بھی دفعات لگائی گئی ہیں اس میں کس طرح اے ٹی اے لگ سکتی ہے؟ آپ کے پاس ایسے کیا شواہد ہیں جس کی بنیاد پر ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔تفتیشی افسر کاکہنا تھا کہ ڈمپر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر مسنگ ہیں خدشہ ہے انکے پاس ہیں ،دو انسانی جانوں کا مسئلہ ہے ،لاکھوں روپے کی چینی کی بوریاں مسنگ ہیں ۔عدالت نے آفاق احمد کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا جبکہ ان کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مقدمہ کا چالان طلب کرلیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آفا ق احمد کاکہنا تھا کہ اس شہر کے لیے آواز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے،مجھے جیل بھیج کر وہ لوگ واضح ہوگئے ہیں جو اس مافیا کے ساتھ ہیں،اس شہر میں جان لیوا گاڑیاں دندناتی ہوئی پھر رہی ہیں،میرا کیا مطالبہ تھا میں تو قانون کے مطابق ہیوی ٹریفک کی روانی چاہتا تھا،حکومت اس وقت ڈمپر مافیا کی سرپرستی کررہی ہے ،پیپلز پارٹی اس معاملے میں مکمل طور پر ایکسپوز ہوگئی ہے,عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی جیل میں بی کلاس سہولیات دینے کی درخواست منظور کرلی۔اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعدا بھی عدالت پہنچ گئی۔آفاق احمد پر پھول نچھاور کیے گئے اور نعرے بھی لگائے گئے۔