ایم ڈی کیٹ 2024 پیپر لیک کے مقدمے میں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور
14 دسمبر ، 2024FacebookTwitterWhatsapp
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے ایم ڈی کیٹ 2024پیپر لیک کے مقدمے میں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔تین ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزمان میں ڈاؤ یونیورسٹی کے ناظم امتحانات فواد شیخ، نائب ناظم امتحانات منٹھار گوپانگ اور اسسٹنٹ ایڈمن آفیسر محمد فاروق شامل ہیں۔عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ملزمان کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مقدمہ درج کیا۔مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
====================
فیک نیوز پھیلانے میں درج مقدمہ میں عالمگیر خان گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر)فیک نیوز پھیلانے میں درج مقدمہ میں ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی کے مطابق فیک نیوز پھیلانے پر سائبر کرائم سرکل میں پیکا ایکٹ کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں فیک نیوز پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف 16 مقدمات درج ہیں جن میں عالمگیر خان سمیت اب تک 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ،گرفتار دیگر دو ملزمان میں مسعود شیخ اور گوہر خٹک شامل ہیں۔
=====================
عالمی کتب میلے کے دوسرے دن شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت
14 دسمبر ، 2024FacebookTwitterWhatsapp
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری پانچ روزہ عالمی کتب میلے کے دوسرے روز بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے کتب میلے میں شرکت کی۔صبح سے ہی بڑی تعداد میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹی، مدارس کے طلبہ سمیت سماجی، ادبی اور سرکاری شخصیات نے بھی کتب میلے کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن انسٹی ٹیوشن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید، ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا، ڈی ایس پی ایسٹ ہیڈ کواٹرزرین منظور شاہ، جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے بھی کتب میلے کا دورہ کیا۔ عالمی کتب میلے میں ترکی کی جانب سے لگائے جانے والا اسٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا جہاں ترکی کی جانب سے مفت اسلامی کتابیں شہریوں میں تقسیم کی گئیں۔ شہریوں نے بھی ترکی کتب میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترکی اسٹال کے نمائندہ محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا بردار ملک ہے یہاں کے لوگ انتہائی پُر خلوص ہیں مجھے پاکستان بہت پسند آیا اگلے سال پھر آنے کا ارادہ ہے۔ یہاں کے نوجوانوں میں کتب کی محبت دیکھ کر خوشی ہوئی کتب میلے میں شہریوں کی دلچسپی انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں کتب کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے یہ کتب میلہ ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا نواجوان اس وقت بھی کتب میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ڈائریکٹریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن انسٹیٹیوٹ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں بھی کتابوں کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے۔ یہ ضرور ہوا کہ نئی نسل کا رجحان کتب کی جانب کم ہوگیا ہے موبائل یا ٹیبلیٹ کے ذریعہ آسانی مواد تک آسانی ضرور ہے مگر اس وقت بھی کتب بینی کے شوقین افراد بڑی تعداد میں موجود ہیں اس کا منہ بولتا ثبوت عالمی کتب میلے میں شہریوں کی دلچسپی ہے۔ عالمی کتب میلہ کراچی کے شہریوں کے لیے نعمت سے کم نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کتب ہماری بنیاد ہے اور ہم نے اپنی نئی نسل کو یہی بنیاد دینی ہے۔ یہ عالمی کتب میلہ بنیاد بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع کا کہنا تھاکہ میں ہرسال اس کتب میلے میں شرکت کرتا ہوں آگاہی اور درخشاں مستقبل کے لیے ایسی کتب نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ عالمی کتب میلے کے آخری روز ہمارے ٹاؤن کے تقریباً تمام اسکولز کتب میلے میں شرکت کریں گے۔