بھارت کے ایک رہائشی علاقے میں جنگلی خونخوار جانور شیر پورے گروہ کے ساتھ داخل ہو گیا جس کے باعث خوف پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے ضلع چامراج نگر میں جنگل سے ایک دو نہیں بلکہ پانچ خونخوار شیر ایک رہائشی علاقے میں داخل ہو گئے، جس کے باعث وہاں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے خود کو گھروں میں محصور کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نانجادیوانا پورہ میں ایک جھیل کے قریب واقع گاؤں میں رونما ہوا اور سی سی ٹی وی نے یہ مناظر محفوظ کر لیے۔
ویڈیو سامنے آتے ہی محکمہ جنگلات کے عملے نے شیروں کو پکڑنے کے لیے مذکورہ گاؤں سمیت اطراف میں انہیں تلاش کیا، لیکن ناکام رہے ہیں۔
یہ شیر اب دوبارہ نمودار ہو گئے ہیں، جس کے باعث اہل علاقہ سخت مشکلات اور خوف کا شکار ہیں۔ انہوں نے خود کو اور بچوں کو گھروں میں محصور کر لیا ہے اور ان کے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
گزشتہ روز ایک شیر نے دن کی روشنی میں دو گایوں پر حملہ کر کے انہیں ہلاک کر دیا جبکہ ایک دوسرے شیر نے دوسرے گاؤں میں دو گایوں پر حملہ کر کے انہیں اپنی خوراک بنا ڈالا۔
گاؤں والوں نے ریاستی حکومت اور محکمہ جنگلات سے خونخوار شیروں کو فوری پکڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔


























