ایشیا کپ فتح پر صدر زرداری اور محسن نقوی کی پاکستان انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد

صدر آصف علی زرداری اور پی سی بی چیف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت نے کہا بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار فتح نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا ثبوت ہے، انڈر 19 ٹیم کی کامیابی قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی جیت آنے والے عالمی مقابلوں کےلیے امید کی کرن ہے۔ صدرِ مملکت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی پر بھی مبارکباد دی۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، قوم کی دعائیں اور حمایت نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے کہا کہ کامیابی بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ویلڈن ٹیم پاکستان، شاباش سمیر منہاس۔

پی سی بی کے سربراہ نے کہا بھارت کو ہرانے میں سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس قابل تعریف رہی، کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ فتح شائقین کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا زبردست لمحہ ہے، پی سی بی کا رائزنگ اسٹارز پر سرمایہ کاری کا نتیجہ فتح کی صورت میں سامنے آیا۔