جرمن حکام نے برڈ فلو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر برلن کے نواحی علاقوں میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار بطخوں اور مرغیوں کو تلف کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
برینڈن برگ کے مائرکش اوڈر لینڈ ضلع کی انتظامیہ کے مطابق بیماری کی تصدیق دو فارموں میں ہوئی ہے۔ ایک فارم میں تقریباً 80 ہزار بطخیں جبکہ دوسرے میں 50 ہزار برائلر مرغیاں موجود تھیں۔
ضلعی بیان کے مطابق ویٹرنری آفس نے متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد متاثرہ پرندوں کو جانوروں اور انسانوں کی فلاح اور صحت کے پیش نظر تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جرمنی کی کئی ریاستوں نے برڈ فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں جن میں نگرانی کے خصوصی مراکز قائم کرنا اور فارمز پر پرندوں کو کھلی فضا میں چھوڑنے پر پابندی شامل ہے۔
وفاقی وزیرِ زراعت ایلویس رائینر نے جمعہ خبردار کیا ہے کہ پچھلے 2 ہفتوں میں انفیکشنز میں انتہائی تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جرمنی کے قومی ادارہ برائے حیوانی امراض تحقیق — فریڈرِش لیفلر انسٹی ٹیوٹ (FLI) نے بھی صورتحال کو “انتہائی خطرناک” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بیماری کے مزید پھیلنے کا خدشہ برقرار ہے۔























