صدر زرداری نے دورہ چین کے دوران صنعتکاروں کو یقین دہانی کرائی جو بھی صنعت لگائے گا، حکومت اسے مفت زمین فراہم کرے گی۔ یہی کامیاب سرمایہ کاری پالیسی کی اصل سمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیرپور اکنامک زون کو عالمی سطح پر ایوارڈ ملا ہے، جو سندھ حکومت کے منصوبوں کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کا ثبوت ہے۔۔

کراچی

مور خہ 22اکتوبر 2025

کراچی22 اکتوبر :سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی کے علاقے کورنگی میں کاٹی (کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال کاٹی کے صدر اکرام راجپوت، سینئر نائب صدر زاہد حمید، جنید نقی، خالد تواب، زبیر چھایہ، فراز الرحمان اور دیگر عہدیداران نے کیا۔ اس موقع پر وزیرِاعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی فراز عابد لاکھانی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سندھ میں صنعتی ترقی، کاروباری ماحول کی بہتری، انفراسٹرکچر کے مسائل، ٹرانسپورٹ سہولیات اور صنعتی زونز کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہر شعبے میں نمایاں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا پہیہ صنعتکاروں کی بدولت چل رہا ہے اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں درست سمت میں سفر کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باعث کسانوں کو امدادی قیمت فراہم نہیں کی جا سکی، تاہم پیپلز پارٹی کے مطالبے پر وفاقی حکومت نے گندم کی سپورٹ پرائس کا تعین کیا۔ اگر کسان کو مناسب قیمت دی جائے گی تو وہ گندم کاشت کرے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں پاکستان نے پہلی بار گندم برآمد کی تھی۔سینئر وزیر نے بتایا کہ صدر زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران بڑے صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور یہ یقین دہانی کرائی کہ جو بھی صنعت لگائے گا، حکومت اسے مفت زمین فراہم کرے گی۔ یہی کامیاب سرمایہ کاری پالیسی کی اصل سمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیرپور اکنامک زون کو عالمی سطح پر ایوارڈ ملا ہے، جو سندھ حکومت کے منصوبوں کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کا ثبوت ہے۔صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوامی خدمت کے کئی سنگِ میل طے کیے ہیں۔ کینسر کے علاج کے لیے جدید سائبر نائف طریقہ، جو دنیا میں لاکھوں روپے میں ہوتا ہے، کراچی میں بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ این آئی سی وی ڈی نے امراضِ قلب کی سرجری کے عالمی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ صبح چار بجے انہیں دل میں تکلیف ہوئی تو وہ این آئی سی وی ڈی پہنچے، جہاں سینئر وزیر ہونے کے باوجود انہیں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں سب کے لیے ایک جیسا معیارِ خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے این آئی سی وی ڈی کے کنٹینر یونٹس مختلف علاقوں میں قائم کیے ہیں تاکہ دل کے مریضوں کو فوری اور مفت علاج فراہم کیا جا سکے۔ اسی طرح گمبٹ میں گردوں اور پھیپھڑوں کے علاج کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کے کام کا موازنہ کسی اور صوبے سے کیا جائے تو فرق خود واضح ہو جاتا ہے۔صنعتی ترقی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون پر پہلے وہ توجہ نہیں دی گئی جو ضروری تھی، حالانکہ یہ زون سمندر کے دہانے پر قائم ہے اور چینی سرمایہ کار اس میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ یہ سی پیک کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے میں کچھ مسائل درپیش تھے لیکن سندھ حکومت نے شکایتی بورڈ کے ذریعے تمام اعتراضات حل کر دیے ہیں۔ فیصلے کے بعد حکومت نے دو ارب روپے اضافی ادا کیے اور منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یلو لائن بی آر ٹی کا 21 کلومیٹر طویل ٹریک تعمیر کیا جائے گا اور اس میں کاٹی کے نمائندوں کو باضابطہ طور پر شامل کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور مشاورت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن حکومت مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ٹرانسپورٹ منصوبے تیار کر رہی ہے۔ پہلی ماحول دوست ای وی پنک بس پیپلز پارٹی کی حکومت نے متعارف کرائی، اور اگلے ماہ ڈبل ڈیکر سمیت نئی بسیں کراچی پہنچ جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ صنعتوں میں کام کرنے والی خواتین کو مفت پنک اسکوٹی دی جائے گی تاکہ وہ بااختیار بن سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو کچھ لوگ پسند نہیں کرتے، مگر یہ غریب عوام کے لیے ریلیف کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ سندھ میں اس وقت دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ جاری ہے جس کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے آٹھ لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 1985 سے سندھ کے خلاف ایک منظم سازش کی گئی، مصنوعی فسادات کرائے گئے تاکہ صوبے میں عدم استحکام پیدا ہو اور سرمایہ کاری کو باہر نکالا جائے۔ مگر آج حالات بدل چکے ہیں۔ سندھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور حکومت انہیں عزت دے کر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر نہیں بلکہ عوام کے خادم بن کر آئے ہیں، اور پیپلز پارٹی کا یہی فلسفہ سندھ کی ترقی کی بنیاد ہے۔

ہینڈآؤٹ نمبر1138۔۔۔