
سندھ کابینہ کمیٹی برائے فنانس کی سب کمیٹی کا اجلاس۔ ترقیاتی منصوبوں، مالی نظم و ضبط اور محکموں کی کارکردگی پر سخت مؤقف
شفاف طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح اور مالی نظم و ضبط سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ

کراچی: سندھ کابینہ کمیٹی برائے فنانس کی سب کمیٹی کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر بلدیات و فنانس سید ناصر حسین شاہ نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر محنت سعید غنی، صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، مختلف محکموں کے سیکریٹریز، محکمہ خزانہ کے افسران اور اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، مالی نظم و ضبط، بجٹ کے مؤثر استعمال، محکموں کی کارکردگی اور آئندہ مالی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عوامی خدمت کے ویژن پر عمل پیرا ہے، اور شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام محکمے فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق باقاعدہ رپورٹس جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے جامع پالیسی اپنائی ہے، جس کے تحت غیر ضروری اخراجات میں کمی اور وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی اور بلدیاتی سہولیات حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔ صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے اجلاس سے خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ مزدور طبقے کی فلاح و بہبود حکومت کا اولین ہدف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی اداروں میں لیبر ویلفیئر پروگرامز، تربیتی مراکز کے قیام اور سوشل سیکیورٹی نیٹ ورک کی توسیع پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کو بہتر سہولیات فراہم کیے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے اجلاس کو امن و امان کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور تعاون سے صوبے میں امن کی فضا قائم رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری نے کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور ترقیاتی عمل کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت رپورٹس پیش کی گئیں۔ کمیٹی نے چند منصوبوں میں سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام محکمے آئندہ اجلاس میں مکمل تفصیلات اور نتائج کے ساتھ رپورٹس پیش کریں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام محکموں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، تاکہ سرکاری وسائل کا شفاف اور دیانتدارانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نجی و سرکاری اشتراک کے تحت سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، تاکہ ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر شہری تک پہنچ سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ تمام ترقیاتی فنڈز عوامی مفاد میں مؤثر، شفاف اور بروقت استعمال کیے جائیں گے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت صوبے کی ترقی، ادارہ جاتی استحکام اور عوامی خوشحالی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔























