سندھ بھر کی طرح 18 اکتوبر کو کارساز سانحے میں شہید ہونے والے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹھٹھہ میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہداء کو یاد کیا گیا۔ پیپلز پارٹی ٹھٹھہ کے ضلعی صدر صادق علی میمن کی رہائش گاہ پر کارساز سانحے کے شہداء کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں پیپلز پارٹی ٹھٹھہ کے ضلعی صدر و رکن قومی اسمبلی صادق علی میمن، جنرل سیکریٹری امتیاز قریشی، سابق ایم پی اے غلام قادر پلیجو، ضلعی رہنما جہانگیر پالاری، پیپلز پارٹی ٹھٹھہ تعلقہ صدر عبدالحمید سومرو، عبدالخالق سومرو، سابق ایم پی اے امتیاز شاہ شیرازی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کارساز سانحے کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور دعا کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر صادق علی میمن نے کہا کہ کارساز سانحہ پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ایک بدترین سانحہ ہے، جس میں ہزاروں کارکنوں کو گولیوں کا نشانہ بنا کر شہید راجکماری بینظیر بھٹو کے سیکڑوں جانثار کارکنوں کو شہید کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان شہداء کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دوسری جانب میرپور ساکرو، گھوڑاباری، گاڑھو، جھرک، کیٹی بندر اور دیگر شہروں میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے کارساز سانحے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا گیا، قرآن خوانی ہوئی اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
























