صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کے سیکرٹری وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی اے بلوچستان، ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی گاڑیوں، اضافی لائٹس، بغیر پرمٹ اور بغیر اجازت روٹ استعمال کرنے والی لوڈنگ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ پی ٹی اے بلوچستان حاجی جان محمد نے ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ کوئٹہ۔سبی قومی شاہراہ (N-65) پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لوڈنگ، مسافروں کو چھتوں پر بٹھانے، اضافی لائٹس لگانے اور بغیر اجازت روٹ پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی۔کارروائی کے دوران 27 گاڑیوں کو موقع پر چالان کیا گیا جبکہ پانچ گاڑیوں سے تیز اور اضافی لائٹس اتار دی گئیں۔ مزید 38 شہزور اور بوزر گاڑیوں کو سختی سے وارننگ جاری کی گئی کہ وہ جلد از جلد اپنے پرمٹ حاصل کریں، بصورت دیگر ان کی گاڑیاں روڈ پر چلنے سے روک دی جائیں گی۔اس موقع پر گاڑیوں کے پرمٹس، فٹنس سرٹیفیکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات کی بھی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ ڈی پی او کچھی نے اس کارروائی میں بھرپور تعاون فراہم کیا اور پولیس نفری تعینات کی۔حکام نے ہدایت جاری کی کہ بغیر روٹ پرمٹ، کاغذات اور اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، جبکہ مسافروں کو چھتوں پر بٹھانے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ اس سے حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔اس موقع پر حکام نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس بروقت حاصل کریں، بصورت دیگر مقررہ روٹ استعمال کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی ہدایت پر صوبے بھر میں قومی شاہراہوں پر گڈز ٹرانسپورٹ، اوور لوڈنگ، اور بغیر اجازت یا بغیر پرمٹ چلنے والی مسافر گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اس سلسلے میں گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنی گاڑیوں کے کاغذات مکمل رکھیں، تاکہ عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


























