کینیڈا کی برٹش کولمبیا یونیورسٹی کے سائنسدان ڈاکٹر اسٹیفن وِدِرز اور ان کی ٹیم نے پہلی بار انسانی گردے کے خون کا گروپ تبدیل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
بین الاقوامی جریدے نیچر بایومیڈیکل انجینئرنگ میں شائع رپورٹ کے مطابق محققین نے ایک ایسا تجربہ کیا جس میں خون کا گروپ A رکھنے والے گردے کو کامیابی کے ساتھ O گروپ میں تبدیل کیا گیا، جو کہ یونیورسل ڈونر سمجھا جاتا ہے، یعنی اسے کسی بھی مریض میں ٹرانسپلانٹ کیا جا سکتا ہے۔
سائنسدان ڈاکٹر اسٹیفن وِدِرز اور ان کی ٹیم کے مطابق یہ تجربہ چین کے شہر چونگ چینگ میں ایک 68 سالہ دماغی طور پر مردہ مریض پر کیا گیا، گردہ دو دن تک درست طریقے سے کام کرتا رہا، جس کے بعد معمولی مدافعتی ردِعمل ظاہر ہوا۔
ڈاکٹر وِدِرز نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم نے انسانی سطح پر خون کے گروپ کی تبدیلی کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے، جو مستقبل میں ٹرانسپلانٹس کے نتائج بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت اُن لاکھوں مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو خون کے گروپ کی عدم مطابقت کے باعث پیوندکاری کے موقع سے محروم رہ جاتے ہیں، اب یہ ٹیم جلد ہی کلینیکل ٹرائلز کے آغاز کے لیے منظوری کی منتظر ہے۔























