لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت مونکی پوکس وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں افسران، عالمی ادارہ صحت، طبی ماہرین، سول ایوی ایشن و دیگر ٹیکنیکل گروپ کے ایکسپرٹس نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکا کو ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر زرفشاں طاہر نے مونکی پوکس، زیکا وائرس و دیگر بیماریوں پر بریفننگ دی گئی- اجلاس کے دوران تمام ایئر پورٹس پر الرٹ جاری کرنے اور آئی پی ایچ کو چھی منتخب سرکاری ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز کے ہیلتھ کیئر عملہ کو جدید تربیت فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں –
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ابھی تک مونکی پوکس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے اورمتعلقہ حکام کو اس حوالہ سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مونکی پوکس کے مریضوں کی تشخیص و علاج کیلئے عالمی ادارہ صحت کی واضح ایس او پیز کو فولو کیا جائے گا۔سب سے پہلے آئسولیشن وارڈز کے ہیلتھ کیئر ورکرز کو مونکی پوکس کی ویکسین لگائی جائے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مونکی پوکس کے کیسز کو رسپانس کرنے کیلئے ایس او پیز مرتب کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مونکی پوکس کے حوالہ سے خطرے کی کوئی بات نہیں لیکن ہمیں احتیاط ضرور کرنی چاہئے۔ ایئرپورٹ حکام کو مسافروں کی مونکی پوکس کے حوالہ سے سکریننگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اورآئی پی ایچ کو اس حوالہ سے ماسٹر ٹرینرز بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر یونس، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، ڈاکٹر خلیل و دیگر حکام نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments