ریاض ( ناظم علی ) سعودی عرب میں یوم شہدائے کشمیر منانے کے لئے سفارت خانہ پاکستان ریاض میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سمیت سفارت خانہ پاکستان کے افسران نے شرکت کی
یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سمیت سفارت خانہ پاکستان کے افسران نے 13 جولائی 1931 کے تاریخی دن جس دن کو 22 بہادر کشمیریوں کو سفاک ڈوگرہ فورسز نے نمازِ اذان کے دوران شہید کردیا تھا انکو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
تقریب سے فرسٹ سیکرٹری اور قائم مقام سفیر فیاض خان سمیت سیکنڈ سیکرٹری ایمن ندیم اور کشمیری کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے سردار رزاق خان اور سردار شعیب کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 13 جولائی 1931 کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کشمیری بھائیوں کی انصاف پسند جدوجہد کو
سال کے ہر ایک دن کو یاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام سے عالمی برادری کے وعدے کے مطابق غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی حقیقی حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں کوئی بامعنی امن ممکن نہیں ہے۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ پوری قوت
سے اہل کشمیر کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی غاصبانہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اس تحریک کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔
مقررین نے سید علی گیلانی ، یاسین ملک ، برہان وانی شہید سمیت تمام رہنماوں اور کشمیری بہن بھائیوں اور بزرگوں کو خراج تحسین کیا ۔
۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور کشمیر کی جدوجہد میں شہید ہونے والے شہداء کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ( پی یو ایم ایف )
================================