
کراچی :وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلاول ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی امور، باہمی دلچسپی کے معاملات اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرداخلہ نے بلاول بھٹو زرداری کو داخلی سلامتی اور قیامِ امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے داخلی سکیورٹی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ اتحاد اور اتفاق سے ہی ممکن ہے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے داخلی استحکام کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
===========================
بلاول بھٹو زرداری کی دیوالی پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دلی مبارکباد
کراچی:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دیوالی کے پُرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دلی مبارکباد دی ہے ۔
دیوالی تہوار کے موقع پراپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیوالی یاد دلاتی ہے کہ روشنی ہمیشہ اندھیرے پر غالب اور نفرت و تقسیم پر سچ، امن اور محبت ہی ہمیشہ فتح پاتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے ایک ترقی پسند و جامع پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔ایک ایسا پاکستان جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے وقار اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزاریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافتی و قومی زندگی میں ہندو برادری کی گرانقدر خدمات ہیں۔ہندو برادری دیوالی کے حقیقی جذبے یعنی ہمدردی، اتحاد اور امید کو اپنائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی ہندو برادری کیلیَے نیک تمناوَں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی زندگیاں دیوالی کی روشنیوں کی طرح ہمیشہ خوشیوں، ہم آہنگی اور خوشحالی سے جگمگاتی رہیں۔
اس پوسٹ کو شیئر کریں























