پاکستان میں دم توڑتا پرنٹ میڈیا ۔۔ڈائریکٹر پروڈیوسر اور سینئیر صحافی ریاض عاجز کی دستاویزی فلم کا پریمیئر شو۔۔۔

Shahid Ghazali
پاکستان میں دم توڑتا پرنٹ میڈیا ۔۔ڈائریکٹر پروڈیوسر اور سینئیر صحافی ریاض عاجز کی دستاویزی فلم کا پریمیئر شو۔۔۔
صدارت۔۔ ڈاکٹر جبار خٹک چیف ایڈیٹر عوامی آواز
کراچی پریس کلب کے ابراہیم جلیس ہال میں تقریب ہوئی

روزنامہ عوامی اخبار کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کے زوال کا سبب یہ ہے کہ ہم نے جدید تقاضوں کے مطابق پرنٹ میڈیا کو تیار نہیں کیا اور اسکا مقابلہ اچھی اور معیاری خبروں سے نہیں کیا ۔ان کا کہنا تھا پرنٹ میڈیا ابھی بھی ختم نہیں ہوا بلکہ اس کا ارتقا جاری ہے ۔ پرنٹ میڈیا کی خبر پر آج بھی لوگ اعتماد


اور اعتقاد رکھتے ہیں ۔ وہ گذشتہ روز کراچی پریس کلب میں پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سینئیر صحافی ریاض عاجز کی دستاویزی فلم پاکستان میں دم توڑتا پرنٹ میڈیا کے پریمیئیر شو میں اپنا صدارتی خطاب کررہے تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئیر صحافی نصیر ہاشمی نے ماضی میں اخبارات کے عروج اور اب زوال کے اسباب پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الیکڑونک اور سوشل میڈیا کی آمد کی وجہ سے پرنٹ میڈیا اب ماضی کی طرح طاقتور نہیں رہا ۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر اور آئی ایف جے ایشیا پیسیفک کے ممبر جی ایم جمالی نے سینئیر صحافی ریاض عاجز کو بہترین ڈاکومنٹری بنانے پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا کمزور ہوا ہے ختم نہیں ہوا ۔ انجمن اخبار فروشان کے صدر اقبال نون کا کہنا تھا کہ اخبارات کی اشاعت کے بعد اسکا شعبہ سرکولیشن انتہائی اہمیت رکھتا تھا ۔ پہلے اخبارات لاکھوں میں شائع ہوتے تھے تھے لیکن اب دل کو بہت تکلیف ہوتی ہے کہ اخبارات سمٹ کر رہ گئے ہیں ۔
قبل ازیں شرکا کو دستاویزی فلم دیکھائی گئی جس کو شرکا نے سراہا ۔پروگرام کی نظامت سینئیر صحافی شاہد غزالی نے کی ۔ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ریاض عاجز نے آخر میں مہمانوں کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا ۔