انسدادِ پولیو مہم کے فائنل کیچ اَپ ڈے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس

خبرنامہ نمبر7823/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے فائنل کیچ اَپ ڈے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈی ایس پی پولیس چاکر بلوچ، کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر شیخ صغیر سمیت دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران انسدادِ پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ ٹیموں کی سرگرمیوں، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی تعاون پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے تیسرے روز کسی قسم کا بڑا مسئلہ رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش رہے۔مزید بتایا گیا کہ کیچ اَپ ڈے کے دوران 3 ریفیوزل اور 153 ناٹ اویلیبل کیسز باقی رہ گئے ہیں۔ البتہ ٹیموں کی معمولی تبدیلیوں کے باعث چند مسائل سامنے آئے، جنہیں فوری طور پر حل کر لیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ باقی رہ جانے والے تمام کیسز کل تک مکمل طور پر حل کیے جائیں گے، اور اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی براہِ راست ٹیموں کی نگرانی کریں گے تاکہ انسدادِ پولیو مہم کے تمام اہداف سو فیصد کامیابی کے ساتھ حاصل کیے جا سکیں۔

کوئٹہ 16 اکتوبر 2025:
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ نے آج یہاں ڈی جی پی آر آفس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ایس لوکل گورنمنٹ مقصود احمد، کنٹریکٹر اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران اور محکمے کے دیگر سینئر افسران کے ہمراہ زیرِ تکمیل کانفرنس روم اور مختلف جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی آر محمد نور کھیتران نے سیکریٹری کو آس منصوبے کے بقایا رہ جانے والے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکریٹری عبدالروف بلوچ نے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر باقی رہ جانے والے تمام کام مکمل کیے جائیں تاکہ دفتر کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔بعد ازاں ڈی جی پی آر محمد نور کھیتران نے سیکریٹری کو دفتر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا، جہاں سیکریٹری نے اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ صوبائی حکومت کا نہایت اہم ادارہ ہے جو عوام تک حکومتی پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی درست معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔سیکریٹری نے ڈی جی پی آر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر7825/2025
گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت تحصیل پسنی کے دو ماہی گیر گروپوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی مہیم خان گچکی بھی موجود تھے ۔یہ تنازع لوکل اور نان لوکل ماہی گیروں کے درمیان پیدا ہوا ہے، جس پر فریقین کے درمیان مذاکرات اور مصالحت کے لیے ضلعی انتظامیہ نے یہ میٹنگ منعقد کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن اور مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے کو جلد از جلد بات چیت اور باہمی اتفاقِ رائے سے حل کر لیا جائے گا۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ وہ بزاتِ خود پسنی کا دورہ کریں گے، دونوں گروپوں سے ملاقات کر کے ان کے خدشات سنیں گے اور ان کے درمیان اعتماد و مفاہمت کی فضا بحال کریں گے تاکہ سمندر کو دوبارہ ماہی گیری کے لیے کھولا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام فیصلے انصاف، میرٹ اور مساوات کی بنیاد پر کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی غریب ماہی گیر کا روزگار متاثر نہ ہو۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ تنازع سوچی سمجھی سازش کے تحت پیدا کیا گیا ہے، جس کا مقصد عام اور غریب ماہی گیروں کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچانا ہے، تاہم انتظامیہ اس مسئلے کو امن، صلح اور انصاف کے ذریعے جلد حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

خبرنامہ نمبر7826/2025
گوادر: چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالمطلب بلوچ نے ایکسین پی ایچ ای مومن بلوچ اور ایس ڈی او داد کریم بلوچ کے ہمراہ گنز اور پیشکان پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف انجینئر نے واٹر کرائسس مینجمنٹ کے حوالے سے پمپنگ اسٹیشنز پر پانی کے بہاؤ، سپلائی نظام اور تکنیکی امور کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
واضح رہے کہ پیشکان اور گنز کے علاقوں میں نئے منصوبے کے تحت سنٹ سر سے پلیری پمپنگ پائپ لائن کے فعال ہونے کے بعد پانی کی سپلائی کی صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش ہے۔حکام کے مطابق پیشکان کو روزانہ ایک لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جو علاقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔
چیف انجینئر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔