
کراچی کی بحالی کے لیے وفاقی دارالحکومت ٹو کا درجہ دیاجائے٫کراچی ریسٹوریشن موومنٹ کا مطالبہ
شہر کو تباہ کیا جارہا ہے ، کراچی ریسٹوریشن موومنٹ کے رہنماؤں کی اورنگی میں کارنر میٹنگ
کراچی: کراچی ریسٹوریشن موومنٹ
کے رہنماؤں نے مطالبہ کیاہے کہ کراچی کو جان بوجھ کر تباہ برباد کیا جا رہا ہے شہر کی بحالی کے لیے اسے وفاقی دارالحکومت ٹو کا درجہ دیاجائے کے آر ایم کے بانی اراکین ڈاکٹر ضمیر، ظفرالجمیل شیخ اور فیصل بلوچ نے یہ مطالبہ گزشتہ ڈپٹی کنوینر ریاض انصاری کی تجویز اور انتظام پر اورنگی ٹاؤن نمبر 11½ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا، جس میں مقامی خواتین و حضرات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔رہنماؤں نے علاقے کے مکینوں سے ان کے روزمرہ مسائل پر گفتگو کی اور انہیں KRM کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ظفرالجمیل شیخ نے کہا کہ “ہم اس شہر کی کھوئی ہوئی روشنیوں اور رونقوں کو بحال کرنے کا عزم لے کر نکلے ہیں۔ کراچی کو اس کی اصل حیثیت دلوانے کا واحد راستہ اسے فیڈرل ٹیریٹری کا درجہ دینا ہے، کیونکہ گزشتہ 18 برس سے سندھ حکومت کے متعصبانہ رویے، بدعنوانی، کمزور طرزِ حکمرانی اور ناقص امن و امان نے شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ڈاکٹر ضمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ “کراچی کی ترقی دراصل ملک کی ترقی ہے۔ ہم 1960 کی دہائی کے پرامن اور ترقی یافتہ کراچی کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ عوامی طاقت سے، اگر ضرورت ہوئی، تو پرامن احتجاج کے ذریعے بھی ہم کراچی کی مستقل فلاح و بہبود کا راستہ نکال لیں گے۔”
فیصل بلوچ نے کہا کہ “ہم شہر کے نوجوانوں کا روشن مستقبل چاہتے ہیں۔ کراچی کی روشنیوں کو دوبارہ بحال کرنے اور جابرانہ سندھ سسٹم کے خاتمے کے لیے پرامن تحریک جاری رکھی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر خیرآباد یونٹ کے قیام کا اعلان کیا گیا اور صائمہ خاتون کو یونٹ کی چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا۔























