
خبرنامہ نمبر7723/2025
بختیار آباد 14 اکتوبر2025
پولیو کے خاتمے کے لیے جاری قومی مہم کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بختیارآباد میر بہادر خان بنگلزئی بختیار آباد کے مختلف علاقوں کا فیلڈ دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی، گھر گھر ویکسینیشن کے عمل اور روزانہ رپورٹنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران اور مقامی نمائندگان بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹیموں سے براہِ راست کارکردگی رپورٹ حاصل کیں اور ویکسین کی فراہمی، ریکارڈنگ رجسٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، اور خانہ بدوش یا دور دراز علاقوں میں مقیم بچوں تک بھی ٹیمیں ہر صورت پہنچیں۔اس موقع پر میر بہادر خان بنگلزئی نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے فیلڈ سطح پر مؤثر نگرانی اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ حکومت بلوچستان پولیو فری معاشرے کے ہدف کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ آنے والی نسلیں اس مرض سے ہمیشہ کے لیے محفوظ رہ سکیں۔
خبرنامہ نمبر 7722/2025
سبی 14 اکتوبر2025:
پولیو مہم کے دوسرے روز بھی ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی زیر نگرانی پولیو کے خاتمے کے لیے سرگرمیاں جاری رہیں۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے یونین کونسل کڑک کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر نصیر کرد، چیرمین یو سی کڑک سردار ابراہیم خان باروزئی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سبی نے موقع پر ٹیموں سے فیلڈ کارکردگی اور روزانہ رپورٹنگ سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ دورانِ دورہ انہوں نے غیر آباد علاقوں میں خانہ بدوشوں کے ٹینٹوں میں مقیم درجنوں بچوں کو خود پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلائے، تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سبی بی ایچ یو کڑک بھی گئے، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور صحت کی بنیادی سہولیات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پولیو مہم کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں دوسرے روز کا ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیل سبی کی تمام یو سی ایم اوز نے اپنی رپورٹس پیش کیں اور کورڈ، زیرو ڈوز ، این اے اور مسڈ بچوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی سی سبی نے رہ جانے والے تمام بچوں کو فوری طور پر ویکسین پلانے کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہمارا قومی مقصد ہے، اور اس کے لیے ہم سب کو یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا۔ کوئی بچہ چاہے کتنے ہی دور علاقے میں کیوں نہ ہو، ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ پولیو فری پاکستان ہمارا مشترکہ خواب ہے، جسے ہم عملی اقدامات سے حقیقت بنائیں گے۔
لورالائی14 اکتوبر 2025: یو این ایچ سی آر وفد کی کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ سے ملاقات — پناہ گزینوں کی فلاح، تعلیم اور IFRP-3 پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیناں (UNHCR) کے اعلیٰ سطحی وفد نے کمشنر لورالائی ڈویژن، ولی محمد بڑیچ سے ملاقات کی، جس میں خطے میں مقیم پناہ گزینوں کی موجودہ صورتحال، ان کی فلاح و بہبود، تعلیمی ضروریات اور IFRP-3 پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں محمود خان (فیلڈ آفس لورالائی)، سوریا فواد، شازیہ امان، عالمگیر ترین، غلام جیلانی (کوئٹہ آفس)، اور ادارے کے تعلیمی شراکت دار فتح محمد اور حمیرا گل شامل تھے۔
کمشنر ولی محمد بڑیچ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مقیم پناہ گزینوں کی تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک اہم انسانی ترجیح ہے۔ حکومت بلوچستان ان شعبوں میں یو این ایچ سی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
ملاقات کے دوران IFRP-3 پروگرام کی موجودہ پیش رفت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ یو این ایچ سی آر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ فیلڈ میں کام مزید مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور فریقین نے باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خبرنامہ نمبر7727/2025
تربت ۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ کی صدارت میں انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے دوسرا اہم شام کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس تربت میں کیا گیا۔اجلاس میں ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ، پی پی ایچ آئی کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر منیر احمد، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ارسلان بلوچ، یونیسیف کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ضلع کیچ میں جاری پولیو مہم کی مجموعی پیش رفت اور اب تک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے مہم کے دوران سامنے آنے والے مسائل، ٹیموں کی کارکردگی اور دور دراز علاقوں تک رسائی کے اقدامات پر غور کیا۔اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے فیلڈ انچارجز اور سپروائزروں کو ہدایت کی کہ مہم کی موثر نگرانی اور ہر یونین کونسل کی مکمل رپورٹنگ کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔اجلاس میں فیلڈ اسٹاف کو درپیش مشکلات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جن کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔ آخر میں یہ طے پایا کہ پولیو مہم کے دوران ادارہ جاتی ہم آہنگی اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مہم کے اہداف سو فیصد تک حاصل کیے جا سکیں۔
گوادر، 14 اکتوبر2025:
ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی ہدایت پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد کی زیر صدارت گوادر میں پانی بحران کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ماجد جوہر سمیت کونسلران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کے مختلف محلوں، وارڈز اور علاقوں میں پانی کی فراہمی اور سپلائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیف انجینئر نے بتایا کہ اس وقت گوادر کو تین مختلف ذرائع سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جن میں شادی کور ڈیم، میرانی ڈیم سے بذریعہ واٹر ٹینکرز، اور جی پی اے واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ شامل ہیں۔ ان ذرائع سے روزانہ مجموعی طور پر تقریباً 28 لاکھ گیلن پانی شہر کو فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث گوادر میں پانی کا بحران بڑی حد تک قابو میں آ چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ شہر کے اندر پانی کی ڈسٹریبیوشن لائنوں میں بعض تکنیکی مسائل درپیش ہیں، تاہم جی ڈی اے کی انجینئرنگ ٹیم، پی ایچ اے کا عملہ کونسلران کی تعاون سے ان پر تیزی سے قابو پا رہے ہیں اور ان شاءاللہ بہت جلد یہ مشکلات بھی مکمل طور پر دور کر لی جائیں گی۔
چیف انجینئر نے بتایا کہ جی ڈی اے نے “واٹر کرائسز مینجمنٹ سیل” فعال کر دیا ہے، جس کے تحت متعدد انجینئرز، ملازمین، مشینری اور ضروری وسائل اس کام کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔ عملہ شب و روز ان علاقوں کی نشاندہی کر رہا ہے جہاں پانی کی سپلائی میں رکاوٹیں ہیں اور انہیں دور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے پائپ لائن نیٹ ورک پر ہاؤس کنکشنز کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کا آغاز ٹی ٹی سی کالونی سے کیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کو بھی مزید تیز کر دیا گیا ہے۔اجلاس کے شرکاء نے مجموعی طور پر گوادر میں پانی کی صورتحال میں بتدریج بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جی ڈی اے، پی ایچ ای، ضلعی انتظامیہ، جی پی اے اور عوامی نمائندے باہمی تعاون سے اس بحران کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے، تاکہ شہریوں کو پائیدار، مستحکم اور مؤثر پانی فراہمی کا نظام میسر آ سکے۔
خبرنامہ نمبر7721/202
مچھ 14 اکتوبر:2025: چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان سید رفیع اللہ شاہ نے مچھ کا خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر انسپکٹر آف مائنز مچ قربان علی عمرانی نے انہیں محکمہ مائنز مچھ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کروایا اور جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ دورے کے دوران چیف انسپکٹر نے کول مائنز ورکرز کے لیے جاری جنرل الیکٹرک سے متعلق تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی۔ اس تربیت میں مختلف کول کمپنیوں کے 80 سے زائد کان کنوں نے حصہ لیا، جنہیں حادثات سے بچاؤ، حفاظتی تدابیر اور سیفٹی آلات کے درست استعمال کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس سیشن میں معاون مائنز انسپکٹر غلام قادر مری، الیکٹرک انسپکٹر محمد عارف عمرانی اور ریسکیو کرومین محمد حنیف ساتکزئی نے بھی فعال کردار ادا کیا۔ اپنے خطاب میں چیف انسپکٹر سید رفیع اللہ شاہ نے کہا کہ تربیتی ورکشاپس نہ صرف کان کنوں کی استعدادِ کار میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے بھی نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز حاصل کردہ تربیت کو اپنی کمپنیوں کے دیگر ساتھیوں تک منتقل کریں اور مالکان کو واضح پیغام دیں کہ بغیر حفاظتی پروٹوکول کے کوئی کول مائن چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف انسپکٹر اور انسپکٹر مچھ نے مقصود کول کمپنی اور مولابخش کول کمپنی کا فیلڈ معائنہ بھی کیا، جہاں حفاظتی سہولیات کی کمی پر دونوں مائنز کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ محکمہ مائنز بلوچستان نے واضح کیا کہ کان کنوں کی حفاظت اور سیفٹی پروٹوکول پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ پروگرام کے اختتام پر انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی نے چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان سید رفیع اللہ شاہ کو کان کنوں کی صحت و حفاظت سے متعلق منعقدہ تربیتی پروگرام کے اختتام پر اعزازی شیلڈ پیش کی۔
گورنربلوچستان // بریسٹ کینسر سیمینار
گورنربلوچستان 16 اکتوبر کو بیوٹمز یونیورسٹی میں عالمی ادارہ صحت (WHO) کے تعاون سے منعقد کیا جائے والا ایک روزہ بریسٹ کینسر سیمینار سے خطاب کرینگے. چھاتی کے کینسر سے آگاہی تندرستی کی جانب پہلا قدم ہے جبکہ بروقت تشخیص ہی اس بیماری کا علاج ہے۔ ہماری آبادی قلیل مگر بکھری پڑی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ بریسٹ کینسر سمیت تمام بیماروں سے متعلق ایک عوامی آگہی چلانے کی اشد ضرورت ہے
کوئٹہ 14 اکتوبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل 16 اکتوبر کو بیوٹمز یونیورسٹی میں عالمی ادارہ صحت (WHO) کے تعاون سے منعقد کیا جائے والا ایک روزہ بریسٹ کینسر سیمینار سے خطاب کرینگے. انہوں نے کہا کہ چھاتی کے کینسر سے آگاہی تندرستی کی جانب پہلا قدم ہے جبکہ بروقت تشخیص ہی اس بیماری کا علاج ہے۔ اس ضمن میں عالمی ادارہ صحت (WHO) کے تعاون سے لائف سائنسز اینڈ انفارمیٹکس بیوٹمز یونیورسٹی ایک روزہ سیمینار بعنوان “بریسٹ کینسر: آگاہی اور روک تھام ” 16اکتوبر بروز جمعرات دوپہر 1:00 بجے منعقد کر رہی ہے جسکے مہمان خصوصی جعفرخان مندوخیل ہونگے۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی قلیل مگر بکھری پڑی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ بریسٹ کینسر سمیت تمام بیماروں سے متعلق ایک عوامی آگہی چلانے کی اشد ضرورت ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں ضلعی سطح پر بنیادی صحت مراکز کو مذید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹروں کے ساتھ لیڈی ہیلتھ ورکرز خواتین میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں. اس احساس اجاگر کرنا لازمی ہے کہ ماوں کو بریسٹ فیڈنگ کی جانب راغب کیا جائیں۔ جس قدر جلد بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوگی اتنے ہی بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔ کینسر کا علاج صرف پاکستان نہیں پوری دنیا میں مہنگا ہے۔ چیف آرگنائزر محترمہ تہانی جاوید نے کہا کہ بریسٹ کینسر، آگاہی اور روک تھام کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں. اس سیمینار میں سینیئر ڈاکٹرز پرمغز مقالے بھی پیش کرینگے
خبرنامہ نمبر7714/2025
کوئٹہ،14 اکتوبر:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBOIT) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بی بی او آئی ٹی نے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لئے مو¿ثر اقدامات اٹھائے ہیں جن کے نتیجے میں صوبے کیمعاشی ترقی کی رفتار میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے حالیہ دنوں میں مختلف صنعتی و تجارتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے جس کے مثبت اثرات معیشت پر نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بی بی او آئی ٹی نے سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں صنعتی زونز کے قیام اور موجودہ زونز کی توسیع پر بھی کام جاری ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی معیشت میں استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے، تاکہ صوبے کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر7702/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شورش نہیں بلکہ علیحدگی کی نام نہاد تحریکیں ہیں جنہیں بیرونی قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ ملک دشمن عناصر کا اصل ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا اور اسے تقسیم کرنا ہے۔ دشمن پاکستان کو کیک کی طرح ٹکڑوں میں بانٹنے کی خواہش رکھتے ہیں، لیکن ان کے ناپاک عزائم کو ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے 17 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کا جو تاثر دیا گیا وہ زمینی حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے بعض حلقوں نے “ناراض بلوچ” کی اصطلاح گھڑ کر دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی حالانکہ جو شخص بندوق کے زور پر تشدد کرے وہ ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہے اور کسی بھی طرح بلوچ عوام کا نمائندہ نہیں ہو سکتا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں پہلا فراری کیمپ 21 جون 2002 کو قائم کیا گیا جس سے دہشت گردی کو فروغ ملا اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا راستہ کھلا انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے ذریعے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تاہم حکومت بلوچستان نوجوانوں کے خدشات اور شکایات کو سننے کے لیے جامعات سمیت ہر فورم پر جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کی خرابی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا واضح اور منظم کردار ہے۔ علیحدگی پسند عناصر بھارت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جو بھارت سے خوش اور پاکستان سے دشمنی رکھتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فوج یا اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے کیونکہ پاکستان کی بقا اسی جنگ میں کامیابی سے وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ سیاست سے زیادہ اہم ریاست پاکستان ہے اور بلوچستان حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی ذمے داری سمجھ کر اپنایا ہے اس حوالے سے حکومت بلوچستان کا موقف دوٹوک اور بالکل واضح ہے انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کو بند گلی میں دھکیلا جا رہا ہے لیکن تشدد اور لاحاصل جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت گورننس کی بہتری، اصلاحات اور عوامی خدمت کے شعبوں میں ٹھوس اقدامات کر رہی ہے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری سامنے آرہی ہے 3200 غیر فعال اسکولز اور 164 بنیادی طبی مراکز کو فعال کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھائی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز ایسے مشکل علاقوں میں آپریشنز کر رہی ہیں جہاں دشمن اور دوست کی پہچان دشوار ہے جب دشمن واضح ہو تو اس کے خلاف کارروائی آسان ہوتی ہے لیکن جب دشمن اپنی صفوں میں چھپا ہو تو مقابلہ زیادہ مشکل ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ واضح دشمن کے خلاف حالیہ کارروائی کی مثال پوری قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں سے صوبے کے 24 ذیلی اضلاع میں اسسٹنٹ کمشنرز تعینات نہیں تھے موجودہ صوبائی حکومت نے افسران کی تعیناتی کے ذریعے ریاست کی رٹ کو بحال کیا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے دشمنوں کو شکست دینا ہی ہمارا عزم ہے اور حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ مل کر ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کی جانب گامزن ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7703/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری محنت نیاز احمد نیچاری، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ایم ڈی بی ٹیوٹا طارق جاوید مینگل، کنسلٹنٹ فرم کے نمائندے اور متعلقہ محکموں کے حکام شریک ہوئے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو پروگرام کی موجودہ پیش رفت، ریکروٹمنٹ کے عمل اور بیرونِ ملک نوجوانوں کی تعیناتی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت بیرون ملک بھجوائے جانے والے نوجوانوں کی کم تعداد اور پروگرام کی سست رفتاری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے، اس میں کسی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریکروٹمنٹ کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پروگرام کے تحت ریکروٹمنٹ اور ٹریننگ کے عمل کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے عالمی اور قومی سطح کی قابلِ اعتماد دیگر فرمز اور کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بی ٹیوٹااور موجودہ کنسلٹنٹ فرمز کی مجموعی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور پروگرام کی رفتار میں نمایاں تیزی لانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کے قابل بنانے کے لیے بھرپور عزم رکھتی ہے کیونکہ ہنر مند نوجوان ہی صوبے اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کا مقصد صرف بیرونِ ملک روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تربیت، خود اعتمادی اور معاشی خودمختاری سے آراستہ کرنا ہے انہوں نے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایت دی کہ ہر رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے اور آئندہ اجلاس میں عملی پیش رفت کے قابلِ پیمائش نتائج پیش کیے جائیں.۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7704/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں منشیات کی کاشت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بلوچستان کی ایک انچ زمین بھی پوست یا کسی قسم کی نشہ آور فصل کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منشیات کی لعنت نے نوجوان نسل کے مستقبل کو خطرات سے دوچار کیا ہے اس لعنت کے خاتمے کے لیے حکومت بلوچستان ہر سطح پر موثر اور عملی اقدامات کر رہی ہے اس مقصد کے لیے انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی کمیونٹی کے درمیان بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا یہ اقدام منشیات کے خاتمے کی جانب ایک مضبوط اور مثبت قدم ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے سے منشیات کی پیداوار، تجارت اور استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7705/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور صوبائی حکومت کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کی دستاویزات پر پیش رفت اور سوئی ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایم ڈی پی پی ایل سکندر علی میمن، صوبائی سیکریٹری توانائی متعلقہ محکموں کے حکام اور سوئی گیس فیلڈ کے منصوبوں سے وابستہ افسران نے شرکت کی ایم ڈی پی پی ایل نے اجلاس کو مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد اور سوئی ماسٹر پلان سے متعلق اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل بلوچستان کی امانت ہیں اور ان وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد کا براہِ راست اثر صوبے کے عوام خصوصاً اس علاقے کے لوگوں تک پہنچنا چاہیے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ پی پی ایل اور صوبائی اداروں کے درمیان تعاون کے ذریعے سوئی کے عوام کو روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ ملے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوئی ماسٹر پلان علاقے کی معاشی خودکفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے اس منصوبے کے ذریعے مقامی ترقیاتی ڈھانچے، سماجی سہولیات، اور توانائی سے وابستہ منصوبوں میں ایک جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ ترقی کا عمل دیرپا اور عوام دوست ہو انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ایم او یو کے مجوزہ طے شدہ اہداف پر مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سوئی ماسٹر پلان میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نجی اور سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ وسائل کی شفاف تقسیم، مقامی نوجوانوں کی تربیت، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ پی پی ایل کے ساتھ اشتراک سے نہ صرف سوئی بلکہ پورے بلوچستان میں معاشی اور سماجی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7706/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے بلوچستان کے تمام 36 اضلاع میں ایک منظم اور مربوط مہم جاری ہے جس کا مقصد صوبے کے ہر بچے کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اگلے 7 دنوں کے دوران 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس میں والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے خطرے سے محروم نہ رہ جائے میر سرفراز بگٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، رواں سال بلوچستان سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت، محکمہ صحت اور فیلڈ ورکرز کی مشترکہ کاوشیں کامیابی کی جانب گامزن ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان مکمل سنجیدگی اور عزم کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے ہم پرعزم ہیں کہ ان شائ اللہ ‘پولیو فری بلوچستان’ کا خواب جلد حقیقت بنے گا انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران فیلڈ میں سرگرم ٹیموں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی ضلع یا یونین کونسل میں کوئی بچہ حفاظتی قطرے پلانے سے محروم نہ رہ جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فیلڈ ورکرز، رضاکاروں، علما اور مقامی نمائندوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور جذبے سے ہی بلوچستان پولیو فری مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7707/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشتونخوا عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ اور دیگر رہنماوں کے خلاف ژوب میں درج ایف آئی آر واپس لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں منگل کو پشتونخوا نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی جس میں نصراللہ خان زیرے نے ژوب میں منعقدہ جلسہ عام کے دوران پارٹی رہنماوں کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر سے متعلق تفصیلات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بغیر این او سی درج ہونے والی ایف آئی آر کو ضابطے کے مطابق واپس لیا جائے
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7708/2025
کوئٹہ 14اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی قیادت میں جاری اصلاحاتی اقدامات نے صوبے کے تعلیمی نظام میں انقلابی پیش رفت ممکن بنائی ہے ان اصلاحات کے نتیجے میں نہ صرف تعلیمی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئی ہے بلکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے ہزاروں بچے دوبارہ تعلیمی سفر سے جڑ گئے ہیں وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی کا کہنا ہے کہ برسوں سے بند اسکولوں کو فعال بنانے، غیر فعال تعلیمی اداروں کی بحالی اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ جیسے عملی اقدامات کیے گئے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جدید تدریسی ماحول پیدا کرنے کے لیے متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں راحیلہ حمید خان درانی کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم نے گرلز اسکولوں کی تعداد میں اضافہ، اسمارٹ کلاس رومز کے قیام، اور تعلیمی معیار کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے جس سے صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے صوبائی وزیرِ تعلیم کا راحیلہ حمید خان درانی کا کہنا ہے کہ تعلیم وہ بنیاد ہے جو ایک باشعور، مضبوط اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تشکیل کرتی ہے ہمارا مقصد یہ ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور علم کی روشنی بلوچستان کے ہر کونے تک پہنچےعوامی اور تعلیمی حلقوں نے راحیلہ حمید خان درانی کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں محکمہ تعلیم مسلسل بہتری اور اصلاحات کی راہ پر گامزن ہے، اور اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو بلوچستان مستقبل قریب میں ملک کے بہترین تعلیمی صوبوں میں شمار ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7709/2025
بارکھان14 اکتوبر ۔ صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ عوامی سہولت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے خصوصی فنڈ سے یونین کونسل تکھڑا تا ہلیانی سڑک کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے علاقے کے عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگاانہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں سڑکوں، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ عوام کو بہتر طرزِ زندگی فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر اہلِ علاقہ نے سڑک کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سردار عبدالرحمن کھیتران کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر نے عوامی مطالبے پر بروقت عملی اقدامات کرتے ہوئے طویل عرصے سے زیرِ التوا سڑک کو تعمیر کروا کر ایک بڑا مسئلہ حل کر دیا ہے۔علاقے کے بزرگوں اور نوجوانوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولت میں بہتری آئے گی بلکہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سردار عبدالرحمن کھیتران آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رکھیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7710/2025
گوادر، 14 اکتوبر ۔گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (GCCI) کا اعلیٰ سطحی وفد صدر جیہند ہوت کی سربراہی میں آج انڈونیشیا پہنچے گا، جہاں وہ انٹرنیشنل کری ایٹیوز ایکسچینج (ICE) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرے گا وفد میں چیمبر کے جنرل سیکرٹری خالد سیف اور سینئر نائب صدر نعیم رشید بھی شامل ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، میرین اور فشریز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے گوادر چیمبر انڈونیشی سرمایہ کاروں کو گوادر فری زون، لاجسٹکس، فشریز، انفراسٹرکچر اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا۔ اسی طرح انٹرنیشنل کری ایٹیوز ایکسچینج انڈونیشیا میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے کاروباری تربیت، بندرگاہی انتظامات اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق پروگرام منعقد کرے گا چمبر آف کامرس کا یہ دورہ دونوں ادارے گوادر اور انڈونیشیا کے درمیان سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور میرین انڈسٹری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے، جن میں فش پراسیسنگ، کولڈ اسٹوریج، ایکسپورٹ سہولیات، اور آئی ٹی پر مبنی تجارتی رابطوں کا قیام شامل ہے گوادر چیمبر کے صدر جیہند ہوت نے روانگی سے قبل اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دورہ گوادر اور انڈونیشیا کے درمیان معاشی تعلقات کو ایک نئے مرحلے میں داخل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد خطے میں پائیدار ترقی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے ہوت کا کہنا تھا کہ گوادر صرف خبروں میں تجارتی بندرگاہ نہیں ہے بلکہ دنیا کے لئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے انہوں کا کہا گوادر چمبر گوادر کا مثبت چہرہ دنیا کو دیکھانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7711/2025
کوئٹہ، 14 اکتوبر۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اسسٹنٹ کمشنر (صدر) حمزہ انجم کے ہمراہ کوئٹہ تحصیل آفس کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس کے مختلف شعبہ جات بشمول ریکارڈ روم، پٹوارخانہ، تحصیلدار آفس، کورٹ روم اور دیگر انتظامی دفاتر کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے موقع پر موجود سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری طور پر ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے تمام امور میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7712/2025
زیارت 14 اکتوبر ۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑکی زیر صدارت زیارت ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایف سی میجر عامر، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر صغیر احمد، ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر بلوچ،ایکسین شہک گشکوری،ایس ڈی او ایر یگیشن عبدالقادر دمڑنے شرکت کی اجلاس میں ڈسٹرکٹ میں جاری کاموں کی پیشرفت، کوالٹی اور بروقت تکمیل پر تفصیلی بات چیت ہوئی ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے افسران کو سخت انسٹرکشن دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو بلوچستان ڈویلپمنٹ انیشیٹیو کے مطابق بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے،ترقیاتی کام عوام کی امانت ہے ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے عوام مستفید ہوں گے ترقیاتی کام میں سستی اور ناقص مٹیریل کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ وہ جود ہی ترقیاتی کاموں کے دورے کریں گے جہان کوتاہی ہوگی وہاں پر کاروائی کی جا ئے گی، زیارت ایک خوبصورت اور پرکشش پرفضائ سیاحتی مقام ہے زیارت کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7713/2025
گوادر14اکتوبر۔ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت زمینوں کے اوور لیپنگ سے متعلق مسائل پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لینڈ ریونیو، یونس مینگل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بوہیر دشتی، تحصیلدار سیٹلمنٹ اکبر بلوچ، تحصیلدار ریونیو منیر احمد بلوچ، نائب تحصیلدار حاجی جاوید، دیگر متعلقہ افسران اور پٹواریوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر لینڈ ریونیو نے تحصیل گوادر میں زمینوں کے اوور لیپ کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ ریونیو عملے نے زمینوں کے اوور لیپنگ کے مسائل، ان کی وجوہات اور اب تک کی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اس موقع پر ہدایت کی کہ زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی اور اوور لیپنگ کے خاتمے کے لیے شفاف اور منظم طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر لینڈ ریونیو نے بتایا کہ تحصیل گوادر میں زمینوں کے اوور لیپنگ کی باقاعدہ درستگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام متاثرہ ریکارڈ کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ لینڈ ریونیو ٹیم کی مربوط کوششوں سے زمینوں کے تنازعات کے خاتمے اور شفاف نظام کے قیام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
کراچی ( اکتوبر14 )
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا سوات کے علاقہ مٹہ میں پولیو ٹیم پر حملہ کی مذمت
* سیکیورٹی پر مامور اہلکار عبد اکبیر کی شہادت پر اظہار عقیدت
* شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی
* اس طرح کے حملے کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔ کامران خان ٹیسوری























