مقصود علی جھنڈانی ’’نادرا‘‘ کے افسر ہیں لیکن میرے ساتھ ان کے رشتے کئی جہتوں کے حامل ہیں


مقصود علی جھنڈانی ’’نادرا‘‘ کے افسر ہیں لیکن میرے ساتھ ان کے رشتے کئی جہتوں کے حامل ہیں، مقصود میرا چھوٹا بھائی، یار دل دار اور زور دار قسم کا ’’بڈی‘‘ ہے۔ جب میں رائو محفوظ علی کی ناگہانی وفات کے بعد نوائے وقت گروپ کا ڈسٹرکٹ نیوز ایڈیٹر بنا تو مقصود علی جھنڈانی ٹرینی سب ایڈیٹر کے طور پر ہمارے ہاں آیا، خوب صورت اور پر عزم نوجوان، ادب و آداب میں یکتا، چھوٹے بڑے سے حسب مراتب سے پیش آنا اور سب کو استحقاق کے مطابق عزت و احترام دینا اس کا افضل ترین وصف تھا، شاید جھنڈانی خاندان کی تربیت ہی ایسی تھی۔ قرائن بتاتے تھے کہ بہت آگے جائے گا۔ اس کے بڑے بھائی ارشد پریمی پولیس افسر تھے، بہت پہلے دیار غیر کو سدھار گئے، ان کے انگلستان جانے کے بعد میری ان سے فیس بک پر دوستی تھی، وہ بھی باکمال شخصیت تھے، یاروں کے یار، دل بر، دل دار، پچھلے برس کینسر کے سبب اللہ کو پیارے ہو گئے، ان کی جدائی جھنڈانی خاندان کے لئے تو سانحہ سے کسی طور کم نہ تھی، ان کے انتقال پر ملال پر ہمارا دل بھی خون کے آنسو روتا ہے۔
مقصود علی جھنڈانی نے بہت جلد نوائے وقت گروپ چھوڑ کر نو مولود ادارے ’’نادرا‘‘ میں ملازمت اختیار کر لی اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے کہاں سے کہاں جا پہنچا، اس دوران ہماری دوستی اور تعلق داری پر کوئی حرف نہیں آیا اور ان بیس پچیس برسوں میں ہم بارہا ملتے بھی رہے اور مسلسل فون پر بھی رابطے میں رہے۔ مقصود جب بھی ملا، اتنی محبت اور عزت دی کہ دل سے دعائیں نکلتیں۔ وقت کیسے ہاتھ سے پھسلتا ہے کہ پتہ ہی نہیں چلتا، میرے اور مقصود کے بچے اب جوان ہو گئے ہیں.
آج ہفتہ 3 اپریل 2021 کو مقصود علی جھنڈانی کی صاحب زادیوں لاریب اور زیب کی رخصتی تھی، محبت اور حجت سے بلایا تو ہم بھی دعائیں دینے کچے دھاگے سے بندھے کھچے چلے گئے، مقصود کا وہی بانکپن، وہی مسکراہٹ، وہی محبت، وہی دلی احترام آج بھی اس کی پہچان ہے۔ یہاں مقصود نے بھائی ارشد پریمی کے یار دل دار اور بڈی راشد قریشی اور شاہ پور چاکر سے ہمارے نوائے وقت کے زمانے کے رفیق اور یار دل دار الیاس انجم کے صاحب زادے ڈاکٹر ارسلان الیاس سے ملاقات کرائی، ان سے مل کر پھر ایک زمانہ نظروں میں گھوم گیا، ان تصویرں میں میرے ہمراہ راشد قریشی صاحب اور ڈاکٹر ارسلان الیاس موجود ہیں، حیرت ہے کہ مقصود علی جھنڈانی ان تصویروں میں موجود نہیں البتہ میں نے اس کی اس کے صاحب زادوں کے ساتھ تصویر شامل کر دی ہے۔ آج ہم نے خوشی کے اس عظیم موقع پر اپنے محبوب دوست مقصود علی جھنڈانی کا تعارف آپ سے کرا دیا ہے اور اللہ نے موقع دیا تو کسی روز اپنے ساتھ اس کی تصویر بھی دکھا دیں گے۔ یہاں ایک تصویر میں دونوں دولہا اور سگے بھائی احسن جھنڈانی اور حسنین جھنڈانی بھی موجود ہیں۔ اللہ ہماری دونوں بیٹیوں لاریب اور زیب کے نصیب اچھے کرے اور احسن اور حسنین کی زندگی خوشیوں سے بھر دے۔ آمین یا رب العالمین
یار سلامت ۔۔۔۔۔ صحبت باقی
———————–
Saeed-Khawer