سلیم خان مارچ کے لئے محکمہ اطلاعات کے بہترین ڈائریکٹر قرار

 سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو نے کہا ہے کہ افسران کی حوصلہ افزائی ان کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتی ہے جبکہ مسلسل تربیت سے ان کی ذمہ داریا ں بہتر طریقے سے ادا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مہینے میں سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹ کی تقسیم سے ان کی نہ صرف حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اس سے محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔سیکریٹری اطلاعات نے اس موقع پر مارچ کے مہینے میں بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ سینئر ڈائریکٹر محمد سلیم خان کو ،بہترین ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار علی شیخ اور بہترین سیکشن آفیسر کا ایوارڈ ا ماریہ یونس کو دیا گیا۔سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ محکمہ اطلاعات پر نہ صرف حکومت کی موثر تشہیر کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے بلکہ یہ میڈیا اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ افسران کی مسلسل تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔سیکریٹری اطلاعات نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض محنت، لگن اور دیانتداری سے انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ویب سائٹ www.informationsindh.gov.pkکو بتدریج فعال بنایا جارہا ہے اخبارات کو جاری کیے جانے والے اشتہارات اس پر شائع کیے جانے کے بعد محکمہ مطبوعات کہ زیر انتظام شائع ہونے والے جرائد بھی شائع کیے جارہے ہیں تاکہ قارئین کو پڑھنے میں مدد دی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کا ہر افسر اور ہر ملازم ایک ذمہ داری رکھتا ہے اور وہ اسے بھرپور طریقے سے نبھا کر نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکتا ہے بلکہ محکمہ کی نیک نامی کا باعث بن سکتا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹرز غلام الثقلین، اسلم پرویز جتوئی ، ذوالفقار علی شاہ ، محمد سلیم خان اختر سورہیو، عزیز احمد ہکڑو، حزب اللہ میمن، محمد علی ریاض میمن، ظفر خان ، سیکشن افسران ماجد شیخ،اے ڈبلیو کلیری ، نذیر احمد اور ماریہ یونس بھی موجود تھے۔