شدید گرمی، شہری بلبلا اٹھے، کے الیکٹرک کو رحم نہ آیا، لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کی جائے : سردار ذوالفقار

نیب و ایف آئی اے، کے الیکٹرک اور گیس کمپنی کے صارفین کو تحفظ دلائیں: سردار ذوالفقار
کے الیکٹرک میٹروں کا تابنے اور سلور کے تاروں سے الگ الگ لیبارٹری ٹیسٹ کئے جائیں
لائنوں میں گیس کے بجائے بدبودار پانی آرہا ہے،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، صارفین کو بل بھاری بھرکم بھیجے جا رہے ہیں
کراچی : پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقارنے کہا ہے کہ شہر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث شہری بلبلا اٹھے ہیں مگر کے الیکٹرک کو رحم نہیں آیا۔ دن بھر بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رکھ کر کے الیکٹرک عوام کی خدمت نہیں،بدترین ظلم کررہی ہے۔ شدید گرمی اور رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ گیس کمپنی کاسلو میٹر کا بہانہ بنا کرصارفین پرکو بھاری بھرکم بل ارسال کرنا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گیس کمپنی بھی کے الیکٹرک کی روش پر چل پڑی ہے۔ شہریوں کو نہ بجلی میسر ہے اور نہ ہی گیس۔ مگر کمپنیاں بل مرضی کا ارسال کرتی ہیں جوکہ صارفین کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔ حکومت صارفین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے صارفین کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش پر پہنچنے والی تکالیف پر ان کمپنیوں پر جرمانے عائد کرے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں سردار زوالفقار نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری مظلوم ہیں۔ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔ بجلی صارفین نہ اپنے بچوں کو بہتر مستقبل دے سکتے ہیں اور نہ ہی سکون کی زندگی جی سکتے ہیں۔ کے الیکٹرک کو حکومتی تحویل میں لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے کے ادارے کے الیکٹرک اور گیس کمپنی کے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کردار ادا کریں۔ بجلی کے لگائے گئے میٹروں کا تانبے اور سلور کی تاروں کے ذریعے الگ الگ لیبارٹری ٹیسٹ کروائے جائیں اورغیر جانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے رپورٹ قوم کے سامنے لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں کی گیس کے لائنوں میں گیس تو نہیں آرہی مگر بدبو دارپانی ذرور آرہا ہے۔ کیا واٹر بورڈ یا سیوریج بورڈ کا بل گیس کمپنی وصول کررہی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی صارفین کے حقوق کے لئے کوشاں ہے۔ شہر بھر کے صارفین پاسبان کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں #