وسیم اکرم کا اسپتال میں زیرعلاج سچن ٹنڈولکر کو مشورہ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کورونا کے باعث اسپتال میں زیرعلاج بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسپتال میں 2011 کے کرکٹ ورلڈکپ کی سالگرہ کا جشن منائیں
وسیم اکرم نے سچن ٹنڈولکر کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے محض 16 برس کی عمر میں دنیائے کرکٹ کے بہترین بولرز کو ناکوں چنے چبوائے
انہوں نے لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آپ کوویڈ 19 کو بھی ایسے ہی شکست دیں گے۔‘

اپنے ٹوئٹ کے آخر میں وسیم اکرم نے کہا کہ اگر آپ بھارت کے ورلڈ کپ 2011 کی سالگرہ ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے کے ساتھ مناتے ہیں تو بہت اچھا ہوگا، اور مجھے بھی تصویر ضرور بھیجئے گا
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا شکار بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ڈاکٹروں کی ہدایت پر اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر اسپتال میں داخل ہونےکا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ احتیاطی طور پر مجھے اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

2013 میں دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہنے والے 47 سالہ کرکٹر نے اپنے 24 سالہ طویل کرکٹ کیریئر میں 100 بین الاقوامی سنچریاں مکمل کر رکھی ہیں۔