جے ایس بینک مسلسل تیسری مرتبہ بہترین ایس ایم ای بینک نامزد

جے ایس بینک مسلسل تیسری مرتبہ بین الاقوامی مالیاتی اشاعت ایشیا منی میں ’پاکستان کیلئے بہترین ایس ایم ای بینک‘ نامزد ہوا ہے۔ یہ ایوارڈ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی معاشی شعبہ کے فروغ کی توثیق ظاہر کرتا ہےجے ایس بینک 20؍ ہزار سے زائد صارفین کے پورٹ فولیو کےساتھ ایس ایم ای کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ بینک نے معروف اداروں کی شراکت اور جدید مالیاتی خدمات کی فراہمی سے ہزاروں افراد کیلئے ذاتی کاروبار کے ذرائع پیدا کئے۔ بینک کی سرفہرست خدمات میں جے ایس کامیاب جوان یوتھ،جس میں نیا کاروبار شروع کرنے یا وسعت کیلئے سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی گئی اور نئی درآمدی یا مقامی مشینری خریدنے میں سرمایہ کاری کیلئے جے ایس ترقی لون وغیرہ شامل ہیں۔ بینک نے خواتین کو کاروبار کیلئے ’جے ایس خود مختار ‘کے ذریعہ اور ’جے ایس نیا آغاز ‘کے تحت معزور افراد کیلئے رعایتی ریٹ پر سیڈ فنڈ فراہم کئے۔ صدر و سی ای او باصر شمسی کی قیادت میں بینک خواتین کی سربراہی میں 1500؍ سے زائد اداروں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ بینک نے 2022ء تک 10ہزار سے زائد خواتین کو با اختیار بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باصر شمسی کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز پاکستانی مالیاتی شعبہ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے اور بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں ہمارے بہترین معیار کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز حاصل کرنا ہمارے کیلئے باعث فخر ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم صارفین پر مبنی مالیاتی خدمات کو مزید فروغ دے کر معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھر پور کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ، بینک مستقبل میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کو جدیدخطوط پر استوار ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

https://jang.com.pk/news/905487?_ga=2.139705909.769320363.1617245383-1945999981.1617245380