سرجانی ٹاؤن میں القادر فری کلینک کا افتتاح کردیا گیا : دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کر نا افضل ترین عبادت ہے، غلام ہاشم نورانی

کراچی  : القادر فاؤنڈیشن کی جا نب سے سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں القادر فری کلینک کا قیام عمل میں آگیا ہے ۔معروف سماجی شخصیت بلڈر الطاف طائی سے کلینک کا افتتاح کیا ۔کلینک میں معائنہ ،ٹیسٹ اور ادویات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی ۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین القادر فانڈیشن غلام ہاشم نورانی تھے جبکہ نائب صدر خرم عبدالرزاق، جنرل سیکرٹری محمد عامر اقبال مدنی، جوائٹ سیکرٹری عبدالصمد بڈھانی اور ٹرسٹ ممبر محمد آصف بغدادی و سکندر داد و دیگر ممبران اشفاق موتی والا، عادل اقبال اور محمد ولید نے شرکت کی.۔”آؤ کسی کا سہارابنیں” کے ماٹو کے تحت القادر فاؤنڈیشن کے فری کلینک میں اہل سرجانی کو معائنہ، ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام ہاشم نورانی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کر نا افضل ترین عبادت ہے جو اللہ تعالی کو بے حد پسند ہے ۔غریبوں ،یتیموں ،مسکینوں ،ناداروں کی ہر ممکن مدد کر کے دل اور روح کو جو سکون ملتا ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوںنے کہا کہ کم وسائل رکھنے والوں اور بالخصوص بیواوں اور یتیموں کی مدد کر نا اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کر نا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے کہ اپنے اردگرد گہری نظر رکھیں اور دوسروں کی ہر ممکن مدد کریں کیونکہ انسانیت کی خدمت کرنا ہی دراصل انسانیت ہے ۔انہوںنے کہا کہ” القادر فاونڈیشن اس سے قبل بھی غریبوں کی کفالت کے لیئے مختلف منصوبوں پر کا م کر رہی ہے جس کے تحت کروڑوں غربا کی مالی امداد کی جارہی ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ ڈسپنسریز اور اسپتالوں کے قیام کے لیے بھی ہم پرعزم ہیں ۔مخیر حضرات کے تعاون سے بیوہ خواتین کی امداد ،غریب بچیوں کی شادیوں سمیت دیگر منصوبے بھی جاری ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مستقبل میں لاتعداد عوامی فلاحی منصوبوں کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیںجس سے ملک کا غریب طبقہ مستفیذ ہوگا اور مستقبل قریب میں چھوٹی سطح پر غریب لوگوں کو آسان اور بلاسود قرض کی فراہمی بھی کی جائے گی جس سے وہ چھوٹے لیول پر اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے تا کہ بیروزگاری جیسے دیرینہ مسئلے کو بھی کنٹرول کرنے میں مددملے ۔انہوںنے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام کے لیے ہم حکومت کے معاون و مددگار بننے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں ۔