حفیظ شیخ اور ندیم بابر کا نام ای سی ایل میں

پاکستان مسلم لیگ ن نے حفیظ شیخ اور ندیم بابر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا ہے، ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملکی اورمعاشی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والوں کو بھاگنے نہ دیا جائے، کرپٹ ٹولے کو برطرف نہیں جیلوں میں ہونا چاہیے، چہرے بدلنے سے عمران مافیا کا ڈاکہ نہیں چھپے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیر خزانہ کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزراء خاص طور پر حفیظ شیخ اور ندیم بابر کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ ملکی معاشی سالمیت خطرے میں ڈالنے والوں کو بھاگنے نہ دیا جائے۔ نالائق اعظم جب تک نہ بدلے گا، مہریں اور شکلیں بدلنے سے کچھ فرق نہیں پڑےگا۔
نالائق اعظم مہروں سے کرپشن کراتا اور چوری سے عوام کی جیبیں کترواتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چہرے اور مہرے بدلنے سے عمران مافیا کا ڈاکہ نہیں چھپے گا، ان کو جیلوں میں جانا پڑے گا۔ 400 ارب کا چینی میں ڈاکہ اور جہانگیر ترین برطرف؟ ایل این جی میں 122 ارب کا ڈاکہ اور ندیم بابر برطرف؟ 500 ارب کی دوائیوں کا ڈاکہ اور عامر کیانی برطرف؟ انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کو برطرف نہیں بلکہ جیلوں میں ہونا چاہئے۔
اسی طرح ن لیگی رہنماء سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ حفیظ شیخ کو ہٹانے سے ذاتی طورپربہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیراعظم کہتے تھے میری کابینہ 15 افراد پر مشتمل اور بہترین ہوگی، وزیراعظم نے اب تک 3 تو وزیر خزانہ تبدیل کیے ہیں، وزارت اطلاعات میں بھی کئی لوگوں کو آزمایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ندیم بابر کا ایشو جب آپ نے اٹھایا تھا اس وقت اسد عمر نے کہا تھا ہم ہیں نا، ندیم بابر سے متعلق مفادات کے ٹکراؤ کی بات آپ نے ہی اٹھائی تھی۔

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-03-30/news-2768252.html