غور و فکر کے بعد ہی ’اسٹرنگز‘ توڑنے کا فیصلہ کیا ہوگا: عدنان صدیقی

فلم و ٹی وی انڈسٹری کے اداکار عدنان صدیقی نے معروف بینڈ اسٹرنگز کے ٹوٹنے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غور و فکر کرنے کے بعد ہی گلوکاروں نے اسٹرنگز بینڈ توڑنے کا فیصلہ کیا ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عدنان صدیقی نے اسٹرنگز بینڈ کے رکن گلوکار بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا کی یادگار تصویر شیئر کی
ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ’بینڈ کا یوں اچانک ٹوٹ جانا واقعی لاکھوں اسٹرنگز مداحوں کے لیے دل دہلا دینے والا مقام ہے۔‘

عدنان صدیقی نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ بینڈ توڑنے کا مشکل ترین فیصلہ پوری طرح غور و فکر کرنے بعد ہی کیا گیا ہوگا
اداکار نے اسٹرنگز بینڈ کے تمام ممبران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ آگے جو بھی کام کریں گے، اُس میں یقیناََ روشن اور کامیاب ہوں گے۔‘

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر سرگرم اسٹرنگز کی جانب سے اچانک بینڈ کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور فیصل کپاڈیا، بلال مقصود، عدیل علی، حیدر علی، احمد نیانی اور بریڈلے ڈی سوزا پر مشتمل اس بینڈ کا 33 سالہ سفر تمام ہوا۔
یہ بینڈ 1980 کی دہائی کے اختتامی سال کے دوران وجود میں آیا اور کالج کے دنوں سے ہی اس نے دھوم مچائی