سجاول شہر میں پانی کی قلت کے بارے میں عوامی شکایات کا نوٹس

سجاول شہر میں پانی کی قلت کے بارے میں عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے آج ضلع کونسل آفس سجاول میں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر سجاول محمد اسماعیل میمن اور سابق ضلعی ناظم سید شفقت حسین شاہ شیرازی کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق ضلعی ناظم سید شفقت حسین شاہ شیرازی کے پرسنل سکریٹری حاجی محمد حنیف میمن، ٹاؤن آفیسر محمد علی کوسو، ایکسین ضلع کونسل سجاول امتیاز علی زرداری، ایکسین پبلک ہیلتھ، ایکسین آبپاشی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل میمن اور سابق ضلعی ناظم سید شفقت حسین شاہ شیرازی نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ شہر میں وارڈ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیں جس میں شہر کے معززیں کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں اور جہاں جہاں پانی کی قلت ہو وہاں ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ سجاول کے لوگوں کی شکایات کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے بارے میں آئندہ کوئی شکایت موصول نہیں ہونی چاہئے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ھ آ نمبر 53 (ص خ بھ)