شب برآت کے موقع پرواٹربورڈ شہر خصوصاً مساجد، امام بارگاہوں،خانقاہوں، قبرستان کے راستوں پر پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کریگا : ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان

کراچی  : ایم ڈی واٹربورڈاسداللہ خان نے کہا ہے کہ وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سیدناصرحسین شاہ کی ہدایات پر شب برات اوررمضان سے قبل شہر میں فراہمی ونکاسی آب میں بہتری کے جاری کاموں کومکمل کرنے سمیت اس ضمن میں شہریوں کودرپیش شکایات کے خاتمہ کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں،واٹربورڈ تمام تروسائل بروئے کارلاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی، ٹوٹے مین ہولز کی تعمیر،دھنسنے والی سیوریج لائنوں کی تبدیلی، فراہمی آب کی لائنوں سے رساؤ کے خاتمے،نئی لائنیں بچھانے،پمپنگ اسٹیشنز کی موٹروں وپمپس کو مرمت،ان کے رنگ وروغن سمیت دیگر امور تیزی سے سرانجام دے رہا ہے، شب برآت کے موقع پرواٹربورڈ شہر خصوصاً مساجد، امام بارگاہوں،خانقاہوں، قبرستان کے راستوں پر پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کریگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کی مجلس عاملہ کے رکن مولانایحییٰ عطاری کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے دورکنی وفد سمیت اپنے مسائل کے سلسلے میں آنے والے عمائدین شہر اور صارفین واٹربورڈ سے گفتگوکرتے ہوئے کہی، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ خصوصی قومی ودینی ایام کی آمد سے قبل ہی شہر میں پانی کی فراہمی ونکاسی آب کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ شہری واٹربورڈ سے تعاون کریں، پانی چوروں فراہمی ونکاسی آب کے نظام میں چھیڑچھاڑ کرنے والوں کی نشاندہی کریں،پانی کے کنکشن کے حصول یا ناکارہ کنکشن کی تبدیلی کیلئے ازخود کارروائی کے بجائے واٹربورڈ کے متعلقہ دفاترسے رابطہ کرکے افسر مجازکو مطلع کریں اس کی باقاعدہ اجازت لیں اور یہ کام واٹربورڈ کے تربیت یافتہ عملے سے کرائیں،سیوریج لائنوں اور مین ہولز میں یا ان کے قریب کچرہ،تعمیراتی ملبہ پھینکنے سے گریز کیا جائے،پانی کا استعمال کفایت سے کریں،گھروں کے زیرزمین وبالائی ٹینکوں میں خودکار والوز نصب کریں،باورچی خانوں کی نالیوں میں معیاری جالیاں نصب کی جائیں،ان نالیوں میں بچے ہوئے چاول،ہڈیاں،چائے کی استعمال شدہ پتی،چکنائی نہ ڈالی جائے،اگران معاملات میں احتیاط برتی جائے توفراہمی ونکاسی آب سے متعلق متعددشکایات پیدا ہی نہ ہوں،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ اپنے تئیں شہر میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل کے خاتمے کیلئے دن رات کام کررہاہے تاہم اسے اس ضمن میں ہر قدم پرشہریوں کا تعاون درکار ہوتا ہے۔