گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے درخواست جمع کرادی

شیری رحمان نے بتایا کہ 30ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ درخواست چیئرمین سینیٹ کو جمع کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق 21 پیپلزپارٹی، 2 اے این پی، ایک جماعت اسلامی، 2 فاٹا، دلاور خان کے ازاد گروپ کے 4 ممبران نے حمایت کی ہے۔

شیری رحمان نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم کا کوئی جنازہ نہیں پڑھا گیا یہ پیپلزپارٹی کا حق تھا۔

حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی دو اہم جماعتیں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے آمنے سامنے آگئی ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹو نائٹ‘ میں پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے ن لیگی امیدوار اعظم نذیر تارڑ کے نام کی مخالفت تھی۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ اعظم نذیر تارڑ کا نام واپس نہیں لیتی تو اپنا امیدوار لائیں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے امیدوار اعظم نذیر تارڑ کیلئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے رابطے مکمل کرلیے ہیں۔ ن لیگ کے پاس قائد حزب اختلاف کیلئے 26 اراکین کے دستخط مکمل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ن لیگ کو جے یو آئی، پی کے میپ اور بی این پی مینگل کی حمایت حاصل ہے۔

اس وقت سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے 21 سینیٹرز ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین سینیٹ کی تعداد 17 ہے، اس سے قبل راجا ظفر الحق اپوزیشن لیڈر تھے لیکن اس مرتبہ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔

Courtesy hum news