سندھ اسمبلی : بشیر احمد ہالیپوٹہ کے انتقال پر ایوان میں تعزیتی قرار داد پیش

کراچی : سندھ اسمبلی نے بدھ کو اپنے اجلاس میں معمول کے ایجنڈے کو موخر کردیاپیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی بشیر احمد ہالیپوتہ کی وفات پر ایک تعزیتی قرار داد اتفاق رائے سے منظورکی اور اجلاس جمعرات کی دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا گیا۔بدھ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت دس بجے کے مقررہ وقت کے بجائے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔کارروائی کے آغاز میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوٹہ کے انتقال پر صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہونے ایوان میں تعزیتی قرار داد پیش کی۔ان کا کہنا تھا کہ بشیر احمد ہالیپوٹہ سندھ کی ایسی نامور سیاسی شخصیت تھے جن کا مزاج الگ ہی تھا۔ہم یقیناً ان کو یاد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم سندھ کی ثقافت کے دلدادہ اور گھوڑوں کی ریس کے شوقین تھے۔ اپنے ووٹرز اور ان کے مسائل کا حل ان کی ترجیحات میں شامل تھا۔اقلیتی رکن لال چند اکرانی نے اظہار خیالکرتے ہوئے کہا کہ رکن سندھ اسمبلی بشیر ہالیپوتہ کے انتقال پر دکھ ہے۔اللہ ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔ جی ڈی اے کے رکن اسمبلی عبد الرزاق راہموں نے کہاکہ بشیر ہالیپوٹہ کے انتقال پر دکھ ہوا۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔بعدازاں ایوان نے اپنی پارلیمانی روایت کے مطابق رکن اسمبلی کی وفات پر اپنا معمول کا ایجنڈا موخر کردیا اور کارروائی جمعرات کی دوپہر تک ملتوی کردی گئی ۔ قبل ازیں وقفہ دعا کے موقع پر ایوان میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی کورونا وبا سے جلد صحت یابی کے لئے دعاکی گئی جبکہ صحافی اجے للوانی کے انتقال پر ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا کہ صحافی اجے لالوانی کا قتل کیا گیا اس کی انکوائری کی جائے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے باہراساتذہ سراپا احتجاج ہیں گزارش ہے کہ کوئی حکومتی نمائندہ ان سے بات کرے، ایوان میںصدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی کی والدہ کے لئے دعائے مغفرت اورپاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نجات کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔جی ڈی اے کی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ رینجرز کی گاڑیوں پر حملہ کیا گیا جوان زخمی ہیں ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی جائے۔