ملیر میں القادر فاؤنڈیشن کے فری کلینک کا افتتاح کردیا گیا

عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے اور شخصیات خراج تحسین کی مستحق ہیں،اسسٹنٹ کمشنر ملیر فارق سومرو
لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے نجی اداروں اور مخیر حضرات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگارفیق سلمان ،عبدالقادر بھولو اور غلام ہاشم نورانی کا خطاب
کراچی : اسسٹنٹ کمشنر ضلع ملیر محمد فاروق سومرو نے کہا ہے کہ آج کے اس پرفتن دور میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے اور شخصیات خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔القادر فاؤنڈیشن کی جانب سے ملیر کے علاقے میں عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کلینک کا افتتاح خوش آئند اقدام ہے ۔اس کار خیر میں ہم القادر فاؤنڈیشن شانہ بشانہ ہیں اور ہر ممکن تعاون کریںگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے یوم پاکستان کے موقع پر ملیر میں القادر فاؤنڈیشن کی جانب سے کلینک کے افتتاح اور فری میڈیکل کے انعقاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرتاجر و سماجی رہنما رفیق سلیمان ،عبدالقادر نورانی( بھولو)، چیئرمین القادر فانڈیشن غلام ہاشم نورانی، نائب صدر خرم عبدالرزاق، جنرل سیکرٹری محمد عامر اقبال مدنی، جوائن سیکرٹری عبدالصمد بڈھانی ، ٹرسٹ ممبر محمد آصف بغدادی، سکندر داؤ و، عادل اقبال، عبد المجید اور محمد ولید بھی موجود تھے ۔فری میڈیکل کیمپ میں اہل ملیر کو معائنہ، ٹیسٹ کے ساتھ بلامعاوضہ ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔اسسٹنٹ کمشنر ملیر فاروق سومرو نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑا کوئی کام نہیں ہے ۔مجھے آج بے انتہا خوش محسوس ہورہی ہے کہ القادر فاؤنڈیشن جیسے ادارے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے دور دراز علاقوں میں اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ فری کلینک کے قیام سے علاقے کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں میسر آئیںگی اور وہ بغیر کسی فیس کے یہاں سے اپنا علاج معالجہ کرواسکیں گے ۔انہوںنے کہا کہ القادر فاؤنڈیشن کے سربراہ غلام ہاشم نورانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان جیسی شخصیات کی وجہ سے ہمارے سر فخر سے بلند ہوجاتے ہیں ۔اس کار خیر میں ہم القادر فاؤندیشن سے بھرپور تعاون کریںگے اور جہاں بھی ہماری مدد کی ضرورت ہوگی یہ ہمیں اپنے شانہ بشانہ پائیںگے ۔سماجی رہنما رفیق سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے ساتھ نجی اداروں اور مخیر حضرات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔مشترکہ کاوشوں سے ہی ملک سے غربت اور افلاس کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔القادر فاؤنڈیشن جیسے ادارے اس ملک کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں ۔عبدالقادر نورانی (بھولو) نے کہا کہ بلا کسی ستائش کی تمنا کیے بغیر انسانیت خدمت کرنا اللہ کے منتخب لوگوں کا خاصہ ہے ۔القادر فاؤنڈیشن کی بڑھتی ہوئی فلاحی سرگرمیوں کو دیکھ کر اطمینان محسوس ہوتا ہے ۔ایسے ادارے غریب عوام کے لیے کسی شجر سایہ دار جیسے ہیں ۔القادر فاؤنڈیشن کے چیئرمین غلام ہاشم نورانی نے کہا کہ ہمار ا ماٹو ”آؤ کسی کا سہارا بنیں” ہے ۔ فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد بلا رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت ہے ۔ہم صحت ،روزگار ،تعلیم ،غربت کے خاتمے ،لوگوں کو کھانے کی فراہمی ،غریب بچیوں کی شادیوں سمیت مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔القادر فاؤنڈیشن کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں دستر خوانوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جہاں سفید پوش افراد کوان کی عزت نفس مجروح کیے بغیر دو وقت کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم لوگوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں ۔ہماری خواہش ہے کہ روزگار کی ایسی اسکیمیں سامنے لائی جائیں جس سے استفادہ کرکے لوگ اپنے خاندانوں کی خود کفالت کرسکیں اور کسی کی امداد کے محتاج نہیں رہیںگے ۔غلام ہاشم نورانی نے کہا کہ خدمت کے اس دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا ۔حکومتی اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے ہمیں بھرپور تعاون مل رہا ہے جس پر ہم ان کے شکر گذار ہیں ۔