تجدید عہد کا دن۔

23 مارچ 1940 برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں ایک اہمیت رکھتا ہے اس دن برصغیر کے مسلمانوں کی نمائندہ جماعت مسلم لیگ نے قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا تھا تا کہ مسلمان دین اسلام کے مطابق زندگی بسر کر سکیں اور یہ کہ مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ حاصل ہو۔واضح رہے یہ تاریخی قرار داد منٹو پارک لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے تین روزہ سالانہ اجلاس کے اختتام پر منظور کی گئی تھی اور اسی کی بنیاد پہ مسلم لیگ سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب ہو گئی۔ بلاشبہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے ۔ہماری شناخت,ہماری پہچان ہمارا پاکستان ہے اس لئے ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہونا چاہیے اور بحثیت پاکستانی ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ملک و قوم کی تعمیرو ترقی اور حفاظت کے لئے ہر قسم کے اختلافات کو بھلا کر ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی مثال قائم کریں اس لئے کہ دشمن ممالک کبھی بھی ہمارے خلاف سازشوں کا تصور بھی نہ کر سکیں۔ملک و قوم کو سنوارنے اور تعمیرو ترقی کی ذمہ داری صرف حکومت ,ریاست یا سرحد پر ہماری حفاظتوں پر مامور بہادروں کی نہیں ہے بلکہ بحثیت قوم ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی۔
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا۔

تحریر: ڈاکٹر فاخرہ شہپال کھوکھر