شاہد آفریدی بھی عمران خان کیلئے دُعاگو

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر دُعائیہ پیغام جاری کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میری دُعا ہے کہ عمران خان جلد مکمل طور پر صحتیاب ہوجائیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کورونا وائرس ابھی بھی ہمارے گھروں میں موجود ہے۔
سابق کپتان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس کی اطلاع عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی تھی

فیصل سلطان نے کہا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ خاتون اوّل بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں جس کی اطلاع عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے دی۔