ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے 23 ویں سربراہ

ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی

کراچی( بیورو رپورٹ )ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے آج ائیر ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تبدیلی کمانڈ کی باوقار تقریب میں پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو کمانڈ کی اعزازی شمشیر دی اور ایئر چیف مارشل کے رینک بھی لگائے۔ چار JF-17 تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے سبکدوش ہونے والے ائیر چیف کو الوداعی سلامی پیش کی۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ یقینی طور پر دنیا کی ایک بہترین فضائیہ کی قیادت کرنا ایک ایسا اعزاز ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران حاصل ہونے والی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “الحمدللہ، پاک فضائیہ نے ایک بار پھر قوم کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے اپنے نیلے آسمان کی محافظ ہونے کا ثبوت دیا۔ ہمارے بروقت اور مکمل جانچے ہوئے جواب نے دشمن کو نا قابل فراموش سبق سکھایا۔”

سبکدوش ہونے والے ائیر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ترقی کی جانب اپنی پیشقدمی کو جاری رکھتے ہوئے اپنے”نیکسٹ جنریشن ائیر فورس2047“ کے وژن کو جدت کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔

نئے سربراہ پاک فضائیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مزید کہا کہ میرے جانشین غیر معمولی قائدانہ اور پیشہ ورانہ خصوصیات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی ہیں۔ میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو سربراہ پاک فضائیہ تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور انکی اس نئی ذمہ داری میں کامیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ مجھے قوی یقین ہے کہ ان شاء اللہ! انکی کمانڈ میں پاک فضائیہ عظیم بلندیوں کو چھوئے گی