کراچی کی ترقی میں دلچسپی رکھنے والے تمام عالمی اداروں، غیرسرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ساتھ اشتراک عمل چاہتے ہیں-لئیق احمد

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی میں دلچسپی رکھنے والے تمام عالمی اداروں، غیرسرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ساتھ اشتراک عمل چاہتے ہیں،یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP) کے ساتھ مل کر ماحولیاتی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، گزشتہ تین ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، شجرکاری اور سڑکوں کی مرمت و پیوندکاری کے ذریعے بہتری لانے کی کوششیں کی گئیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والی یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP) کی سینئر ایڈوائزر Ms.Mahenau Agha سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم بھی موجود تھے، UNDP کی سینئر ایڈوائزر نے اس موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کا ترقیاتی ادارہ کراچی میں باغات کے شعبے کو ترقی دینے میں کردار ادا کرنا چاہتا ہے، UNDP کے تحت کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام ہونے چاہئیں تاکہ ماحولیاتی اعتبار سے صورتحال میں بہتری لائی جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ عالمی اداروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں شرکت کی خواہش نیک فال ہے اور اسی لئے ہم نے این جی اوز اور دیگر اداروں کے ساتھ شراکت کا ماحول بنایا ہے تاکہ ہم سب مل کر بہتری کے لئے اجتماعی کوششیں کرسکیں، انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری پر پوری دنیا میں توجہ دی جا رہی ہے، فضائی آلودگی نے خاص طور پر صنعتی علاقوں اور میٹروپولیٹن شہروں میں مختلف مسائل پیدا کردیئے ہیں جن سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی 300 میاواکی فاریسٹ کے قیام پر کام شروع کرچکی ہے اور پہلا میاواکی فاریسٹ میٹروپول ٹرائی اینگل پر قائم کیا جائے گااس کے علاوہ شہر میں شجرکاری کی بھرپور مہم جاری ہے جس میں سول سوسائٹی اور سماجی و فلاحی ادارے بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کا ترقیاتی ادارہ سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں مختلف بین الاقوامی فورمز پر تحقیقی کام جاری ہے جس کی روشنی میں خصوصاً ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی بہتری کے لئے تجاویز اور اقدامات پر غور کیا جاتا ہے اور معاہدے کئے جاتے ہیں، کراچی دنیا کے دس بڑے شہروں میں سے ایک بڑا شہر ہے اور ساحلی شہر ہونے کے ناطے اس کی خاص جغرافیائی اہمیت ہے جبکہ یہ صنعت و تجارت کا بڑا علاقائی مرکز بھی بن چکا ہے لہٰذا دنیا کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی ماحولیاتی تبدیلیوں اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لئے شہری انتظامیہ ہر سطح پر متحرک ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ صورتحال میں بہتری لائی جاسکے۔