کراچی ایکسپریس روہڑی کے قریب حادثے کا شکار، ایک ہلاک، کئی زخمی

کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی نو بوگیاں الٹنے سے ایک خاتون ہلاک جبکہ کئی مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس ٹرین روہڑی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث ٹرین کی سات سے نو بوگیاں الٹ گئیں۔
حادثے میں ایک خاتون کے ہلاک ہونے جبکہ کم از کم 30 سے 40 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

کمشنر سکھر شفیق مہیسر نے جائے حادثہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ متاثرہ بوگیوں سے ایک نعش نکالی گئی ہے۔ تیس سے چالیس مسافر زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ’ ریسکیو آپریشن تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے، ریلوے ٹریک ٹھیک تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اوور سپیڈنگ کے باعث حادثہ پیش آیا ہے۔‘
ڈی سی او سکھر کامران لاشاری نے بتایا کہ ’حادثہ روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان مندو ڈیرو سانگی کے مقام پر پیش آیا ہے۔ ٹرین کی سات بوگیاں کھائی میں جا گریں جبکہ ایک بوگی پٹری سے اتری ہے۔‘
ٹرین میں موجود ایک مسافر نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ ’سوئے ہوئے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے خواب دیکھ رہے ہیں۔ بوگیوں سے خواتین اور بچوں کی چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں۔ فوری طور پر بچوں کو متاثرہ بوگیوں سے نکالا۔ بوگی نمبر سات اور آٹھ بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔‘
ایک اور مسافر نے بتایا کہ ’روہڑی سے ٹرین چلی تھی دس سے پندرہ منٹ بعد زور دار جھٹکے لگے جس کے بعد ٹرین رک گئی۔‘
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مسافروں کی سیفٹی اولین ترجیح ہے۔ حادثے میں اگر کسی کی غفلت ہوئی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ریسکیو آپریشن خود مانیٹر کیا ہے۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تین سے چار دن میں ملے گی جس کی روشنی میں اقدامات کیے جائیں گے

https://www.urdunews.com/node/546901