بھارت نے انگلینڈ کو آخری ٹیسٹ میں بھی شکست دے دی

بھارت احمد آباد ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

بھارت نے انگلینڈ کو سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 25 رنز سے شکست دے کر 4 میچز کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کی۔

ٹیسٹ کے تیسرے دن بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 365 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، رشبھ پنٹ نے 101 رنز بنائے جبکہ واشنگٹن سندر نے 96 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

بین اسٹوکس نے 4 اور جیمز اینڈرسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے 160 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا لیکن پوری ٹیم 135 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ڈین لارنس 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اکشر پٹیل اور ایشون نے پانچ پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے بعد بھارتی ٹیم نے نہ صرف 4 میچز کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کی بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ فائنل مقابلہ 18 جون سے کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھیلا جائے گا