سرفراز احمد نے محمد رضوان کی کھل کر تعریف کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے ملتوی ہونے کا افسوس ہے۔

کراچی میں فاسٹ بولر انور علی کے ہمراہ شجرکاری مہم کے سلسلے میں سرفراز احمد نے پودا لگایا۔

اس موقع پر پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈیٹر کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ کے ملتوی ہونے کا افسوس ہے اور ساتھ ہی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی کھل کر تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پی سی بی نے مجبوری میں پی ایس ایل ملتوی کیا، کوئٹہ کی ٹیم نے 4 شکست کے بعد فاتحانہ پیش قدمی کا آغاز کیا تھا۔

سابق قومی کپتان نے پاکستانی ٹیم کے موجودہ وکٹ کیپر بیٹسمین اور ملتان سلطانز کے کپتان کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ محمد رضوان سے کوئی مسئلہ نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ بلاوجہ میرے اور محمد رضوان کے درمیان مقابلے کی فضاء پیدا کرنا چاہتے ہیں، محمد رضوان نے تینوں فارمیٹس کے بعد پی ایس ایل میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی، وہ باصلاحیت کھلاڑی ہے