فلم ’ون لاسٹ شاٹ‘ نے دنیا بھر کے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی

مختصر دورانیے کی انعام یافتہ فلم ’ون لاسٹ شاٹ‘ نے دنیا بھر کے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

تفریحی صنعت میں نئے اور منفرد مواد کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سہل دستیابی کی وجہ سے عالمی سطح پر فلم /ٹی وی سیریز کی پروڈکشن کی مقدار میں قابل قدر اضافہ نوٹ کیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں دنیا بھر میں منعقد کیے جانے والے فلم فیسٹولز کا کردار بھی انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے جس کے ذریعے مختلف پلیٹ فارمزکے لیے بہترین مواد کا انتخاب کرنا اب نسبتاً آسان ہوچلا ہے۔

اس سارے عمل کا سب سے زیادہ فائدہ آزاد اور نئے فلم میکرز کو پہنچا ہے جو فیسٹوَلز کے ذریعے دنیا کے نامور فلم میکرز کے ساتھ اپنا کام بھی منظر عام پر لارہے ہیں۔

دنیا کے مختلف ممالک کی ہزاروں فلموں پر مشتمل مسابقتی اور پرجوش بین الاقوامی فلم فیسٹولز میں پاکستانی نژاد کینڈین اداکار اور فلمساز صارم جعفری کی مختصر دورانئے کی فلم ”ون لاسٹ شاٹ“ نے مختلف پلیٹ فارمز پر درجنوں ایوارڈز حاصل کرکے پاکستانی فلمی صنعت کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا ہے۔

اس فلم نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں مختصر دورانئے کی بہترین فلم اور ویورز چوائس ایوارڈز کے علاوہ انڈیا کے کلکتہ انٹرنیشنل کلٹ فلم فیسٹول اور اٹلی کے آنیروس فلم ایوارڈز میں بہترین رومانی ڈرامہ کے علاوہ کئی دیگر ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں۔

اس فلم میں صارم جعفری نے مرکزی کردار بھی خود ادا کیا جو کہ ایک ابھرتے ہوئے موسیقار کی زندگی کا احاطہ کرتا ہے، ان کے مدمقابل مرکزی کردار پاکستانی نژاد کنیڈین ماڈل انیقہ ذوالفقار نے ادا کیا ہے جو قبل ازیں ماڈلنگ اور تھیٹر کی دنیا میں کام کرچکی ہیں۔

اس فلم میں انہوں نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کی بنیاد پر انہیں نیویارک فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ اور بہترین جوڑی کا ایوارڈز دیا گیا ہے ۔

پاکستان کے 80 اور 90 کی دہائی کے معروف اداکار ظہیر رضا جعفری نے ولن کا کردار ادا کیا جو عینک والا جن اور زمین جیسے ڈراموںمیں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں ۔

ہمبرکالج ٹورنٹو سے اداکاری کی تربیت حاصل کرنے والے صارم جعفری بطور چائلڈ اسٹار پی ٹی وی کے کئی ڈراموں میں کام کرچکے ہیں جبکہ 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”نہ بینڈ نہ باراتی“ ان کی پہلی فلم تھی۔

دنیا بھر سے کی جانے والی حوصلہ افزائی کے بعد صارم جعفری اس وقت دو نئی ویب سیریز پر کام کر رہے ہیں جس میں تارکین وطن کو پیش آنے والے مسائل اور ذہنی صحت کے مسائل کو اُجاگر کیا جائے گا۔

”وَن لاسٹ شاٹ “ نے پاکستانی فلمی صنعت کی اہمیت کو عالمی سطح پر اُجاگر کیا ہے تاہم صارم پاکستانی سینما کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور آرٹ کے ذریعے ملک کے مثبت تاثر کو مستحکم بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھنا چاہتے ہیں