افسران حکومت کے عوامی فلاح و بہبودکے ترقیاتی منصوبوں کی بہتر تشہیر کو یقینی بنائیں


حیدرآباد 27 فروری ( ہ آ ) صوبائی سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑونے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا اہم ستون ہے اور حقیقی جمہوریت آزاد صحافت کے بغیر ممکن نہیں -وہ آج ڈویزنل ڈائریکٹوریٹ اطلاعات حیدرآباد میں اپنے دورے کے دوران افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے -صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے افسران کو ہدایات کی کہ وہ حکومت کے عوامی فلاح و بہبودکے ترقیاتی منصوبوں کی بہتر تشہیر کو یقینی بنائیں تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات عام لوگوں تک منتقل کیے جاسکیں – انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں- انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے جس میں سوشل میڈیا کے استعمال کا رجحان بہت زیادہ بڑھ چکا ہے لہذا ضروری ہے کہ محکمہ اطلاعات کے افسران پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے منصوبوں اور کاموں سے متعلق سوشل میڈیا کے ذریعے بھی عوام کو آگاہی دیں – قبل ازیں ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد ڈویزن ذوالفقار علی شیخ نے دفتر کی کارکردگی اور ذمہ داری کے متعلق سیکریٹری اطلاعات کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں سیکریٹری اطلاعات نے شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں محکمہ اطلاعات آفس حیدرآباد کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر صاحب خان بھنڈ ، اطلاعات آفیسرمحمد یعقوب ابراہیم،اطلاعات آفیسر عالمگیر رانجہانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔