سندھ حکومت نے کورونا کے حوالے سے بروقت اقدامات کئے، عذرا پیچوہو

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔ 26فروری 2020کو سندھ میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔ تیاری نہ ہونے کے باوجود سندھ حکومت نے بروقت اور جلد اقدامات اٹھائے۔ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں درکار تمام انتظامات مکمل کئے۔جمعے کو جاری اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں فیصلے لینے میں سندھ حکومت نے پہل کی۔ سندھ پہلا صوبہ تھا جس نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جس سے کورونا پر قابو میں مدد ملی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں آج بھی 16 ہزار 500کورونا کے ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں۔ اب تک 30لاکھ کے قریب کورونا کے ٹیسٹ ہوئےجس میں سے 2لاکھ 57مثبت کیسز سامنے آئے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ کورونا کے باعث 4 ہزار 315افراد کا انتقال ہوا۔ پاکستان کا پہلا انفیکشس ڈزیزز اسپتال قائم کیا، جس میں دی جانیوالی سہولتوں کو سراہا گیا۔ ملک میں ویکسین کا مرحلہ شروع کروانے میں سندھ کا اہم کردار رہا