سندھ پنجاب اورخیبر پختونخوا کے ضمنی انتخابات کے نتائج نے ملک میں نئے انتخابات کی نوید سنا دی

پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما کراچی کے حلقے NA-243 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوارشیخ محمد شاہجہاں نے ڈسکہ کے انتخابات میں دھاندلی بے نقاب کرنے اور حق رائے دہی کا اختیار دوبارہ حاصل کرنے پر ڈسکہ سمیت ملک بھر کے جمہوریت پسندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی اور محترمہ مریم نواز شریف کی بے مثال حکمت عملی کے نتیجے میں عوام کے ووٹ پر ڈاکے کی دھند چھٹنا شروع ہوگئی ہے.ووٹ کا تقدس بحال کروانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیح ہے ڈسکہ کے عوام کی جدوجہد کے نتیجے میں حق رائے دہی بحال ہونے پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں مریم نواز شریف نے ثابت کردیا کہ پاکستان کی تقدیر سنوارنے کے لئے ان کا کوئی متبادل نہیں. پاکستان میں آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لئے میاں محمد نواز شریف کی قربانیاں اور جدوجہد رنگ لا رہی ہے. عوام اور عوامی قیادتیں اس حقیقت کو جان چکی ہیں کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی آئین کی بالا دستی کے بغیر ممکن نہیں اسی لئے جمہوریت کی علمبردار تمام قوتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہو چکی ہیں. پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما شیخ محمد شاہجہاں نے اپنے حلقہ انتخاب کراچی کے حلقےNA-243 گلشن اقبال میں پارٹی رہنماؤں ڈاکٹر پروفیسرمسعود کاظمی،عبد الرشید شیخ، محمد گلزار،شیخ اقبال، بنگلہ زبان بولنے والی پاکستانی برادری کے سرکردہ رہنماؤں شیخ محمد سراج، مولانا ابو القاسم،مسعود الرحمن بچو،مقصود عالم، عطا اللہ، عبد المنان کے ساتھ خصوصی ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سندھ پنجاب اورخیبر پختونخوا کے ضمنی انتخابات کے نتائج نے ملک میں نئے انتخابات کی نوید سنا دی ہے. سینیٹ کے انتخابات کے فوری بعد اگلا میدان عام انتخابات کا سجے گا اور عوام کا شعور بتا رہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اس مرتبہ دو تہائی سے بھی زیادہ بڑی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی. مہنگائی کرپشن اور نا اہلی کے ستائے ہوئے عوام کے دکھوں کا خاتمہ قریب ہے اور قوم کو بہت جلد اچھے دنوں سنہرے مستقبل ترقی و خوشحالی کی نوید ملے گی.